سی ٹی ڈی ٹو کی ڈھٹائی، رشوت کیلئے پکڑ دھکڑ جاری

November 24, 2015 4:18 pm0 commentsViews: 20

اعلیٰ حکام کی جانب سے آپریشن بند کرنے کے احکامات کے باوجود کارروائیاں جاری
سی ٹی ڈی ٹو کے خلاف تفتیش، غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی ہوگی
کراچی( کرائم رپورٹر) کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ II کو اعلیٰ حکام کی جانب سے آپریشن بند کرنے کے احکامات کے باوجود شہریوں کو پکڑ کر رشوت لے کر چھوڑنے کا بازار گرم، اعلیٰ پولیس افسران بے بس، تفصیلات کے مطابق با خبر ذرائع نے بتایا کہ ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ II کو اعلیٰ حکام کی جانب سے شہر بھر میں آپریشن بند کرنے کے احکامات دئے گئے تھے لیکن سی ٹی ڈی II نے اعلیٰ حکام کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے شہر بھر میں جرائم پیشہ افراد کو پکڑ کر رشوت لے کر چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ شہر بھر میں شہریوں کو بھی پکڑنے کا سلسلہ عروج پر ہے۔ اور ان شہریوں کو سنگین مقدمات میں فٹ کرنے کی دھمکیاں دے کر لاکھوں روپے رشوت بٹورتے ہیں۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ سی ٹی ڈی II اس سے قبل بھی وارداتوں میں ملوث رہی ہے۔ لیکن اس سی ٹی ڈیII میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کوئی کارروائی ابھی تک عمل میں نہیں آئی ہے با خبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی II میں تعینات قلندر اور اور شوکت اعوان مذکورہ واردات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ جس کے باعث اعلیٰ حکام نے سی ٹی ڈی II کو کراچی میں آپریشن سے روک دیا تھا اور کیانی نامی شخص کو بھی حراست میں لینے کے احکامات دئیے گئے تھے جو کہ زیر حراست افراد کے اہلخانہ سے لین دین کرتا تھا، ذرائع نے بتایا کہ ڈی آئی جی عارف حنیف نے کیانی کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات دئیے تھے لیکن ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ با خبر ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کے خلاف مذکورہ شکایتوں کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اور غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Tags: