پولیس کی کارروائی میں مردہ مویشی برآمد،2قصاب گرفتار ۔ دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

November 25, 2015 4:15 pm0 commentsViews: 23

سرغنہ فرار ہونے میں کامیاب، ملزمان نے سکھن میں ایک باڑے سے مردہ جانور خریدے تھے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا پولیس نے مردہ جانوںکے گوشت کی فروخت ناکام بناتے ہوئے دو قصابوں کو گرفتار کرکے مردہ گائے برآمد کر لی، گروہ کا سرغنہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے، تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کی پولیس نے سپر ہائی وے نیو پل سے شادباغ کی جانب سے جانے والی شارع کے موٹر پر سوزوکی پک اب نمبرKS-5974 کو روک کر اس میں سے ایک مردہ گائے برآمد کرکے دو ملزمان منور علی اور امداد علی کو گرفتار کر لیا، اس حوالے سے سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا تھانے کے ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا سرغنہ لیمو قصائی ہے جو موقع سے پولیس کو دیکھ کر فرار ہو گیا، انہوں نے بتایا کہ ملزمان جو کہ قصائی ہیں، سکھن کے علاقے میں ایک باڑے سے مردہ گائے خرید کر ناظم آباد میں واقع اپنی دکان پر لے جا رہے تھے کہ پولیس کی چیکنگ کے دوران پکڑے گئے جبکہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ انکے گروہ کا سرغنہ لیمو قصاب عرصے سے سکھن کے باڑوں سے مردہ گائے اور بھینس سستے داموں خرید کر ناظم آباد میں واقع اپنی دکان پر لے جا کر گوشت مارکیٹ ریٹ پر فروخت کر دیتا ہے، جس سے اس کو کئی گنا منافع ہوتا ہے۔

غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 75 افراد گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان گوادر شاہجہان چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے75 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کوسٹ گارڈ زحکام کے مطابق حراست میں لئے جانے والے افراد میں11 افغانی باشندے بھی شامل ہیں، جن کے قبضے سے کرولا کار اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پاکستان نے 20 بھارتی ماہی گیر پکڑ لئے
کراچی) اسٹاف رپورٹر) سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والے20 بھارتی ماہی گیروں کو ڈاکس پولیس کے حوالے کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے پر20 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرکے ان کی لانچیں تحویل میں لے لیں۔ بعد ازاں ابتدائی تفتیش کے بعد بھارتی ماہی گیروں کو ڈاکس پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔ ایس ایچ او تنویر کے مطابق ماہی گیروں کے خلاف فارن ایکٹ اور فشری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔

کے ایم سی افسر اور فائر بریگیڈ کے ملازم کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار
دونوں ملزمان کے ایم سی کے دو افسران ارشد حسین اور غلام فرید الدین کے قتل میں ملوث ہیں
ملزمان نے تفتیش کے دوران قتل کا اعتراف کر لیا، دونوں کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے
کراچی(کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایسٹ انوسٹی گیشن پولیس نے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ایم سی اور فائر بریگیڈ کے ملازم کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔رواں سال ضلع شرقی میں کے ایم سی 2 دو افسران ایڈیشنل ڈائریکٹرارشد حسین اور فائر آفیسرغلام فرید الدین،بہادر آبادمیںمحمد عزیز کے قتل واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے،ایس ایس پی انوسٹی گیشن ضلع شرقی ذوالفقار مہر نے منگل کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کے ایم سی کے دو افسران ارشد حسین اور غلام فریدالدین کے قتل میں بلال ظفر اور صدیق بابا ملوث ہیں دونوں ملزمان نے تفتیش کے دوران دونوںافسران کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے ،29 ستمبر 2015 کو بہادر آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے محمد عزیز ولد محمد جاوید قتل کئے گئے تھے ،تفتیش کے دوران معلوم ہواہے کہ مقتول عزیز کو اسکے اپنے دوست ملزم محمد اسد نے قتل کیا،ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ اقصیٰ نامی لڑکی کو پسند کرتا تھا جس کی وجہ سے وہ مسلمان ہوااور اقصی سے نکاح کرلیا بعد میں اسے طلاق ہوگئی۔ اسد سے طلاق کے بعد عزیز اقصیٰ سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ اس ملزم سے دوران تفتیش ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ایم سی کے قتل کا بھی اعتراف کیا اور اسکی نشاندہی پر دوسرے ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ملزموں کا تعلق ایک سیاسی تنظیم سے ہے۔

افغان شہر ی کو ایک ہی دن میں2 مرتبہ پاکستانی پاسپورٹ جاری
ایف آئی اے نے غیر ملکیوں کو جعلی پاسپورٹ جاری کرنے پر2 افسران کو گرفتار کر لیا
جعلی شناختی کارڈ پر افغان شہری کو پاسپورٹ جاری کرنے کیلئے نادرا سسٹم کو بلاک کر دیا گیا تھا
کراچی(کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی میں پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران افغان شہریوں کو مبینہ طورپرجعلی پاسپورٹ جاری کرنے والے2افسران کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی میں پاسپورٹ آفس کے ڈائریکٹرعلی نصرت جعفری اور سپرنٹنڈنٹ محمد وسیم کو افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس میں جعلی شناختی کارڈ پر افغان شہری کو پاسپورٹ جاری کرنے کی کوشش کی گئی جسے نادرا کے سسٹم نے بلاک کردیا لیکن اس کے باوجود پاسپورٹ افسران نے سسٹم کو خراب کرتے ہوئے اس افغان شہری کا پاسپورٹ جاری کیا جب کہ ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی ہیں کہ نادرا سسٹم کی جانب سے جعلی شناختی کارڈ پر پاسپورٹ منسوخ کئے جانے کے باوجود افسران نے ایک ہی دن میں دو مرتبہ اس شہری کے پاسپورٹ کے لئے کیوں اپلائی کیا۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایف آئی اے نے نادرا کے اسٹیشن ہیڈ کو حراست میں لیاتھا جس نے دوران تحقیقات انکشاف کیا کہ اس نے سیکڑوں افغان شہریوں کو شناختی کارڈ جاری کئے اور وہ پاکستانی پاسپورٹ پر بیرون ملک سے روانہ ہوئے۔

پی آئی بی پولیس نے پنجاب سے قاتل خاتون اور مرد کو گرفتار کر لیا
ملزمان پی آئی بی میں خاتون کو قتل کرکے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے
کراچی(کرائم رپورٹر)پی آئی بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر پنجاب کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے گھریلوملازمہ اور اسکے آشنا کو گرفتار کرلیا جنہوں نے دوران تفتیش ایک ماہ قبل خاتون کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، تفصیلات کے مطابق پی آئی بی انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں کارروائی کرتے ہوئے گھریلو ملازمہ نفیسہ اور اسکے آشنا ندیم کو گرفتار کرلیا، اس ضمن میں ایس ایچ او سید ظفر علی شاہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے 20 اکتوبرکو پی آئی بی کے علاقے پیر الٰہی بخش کالونی قادری مسجد کے قریب مکان نمبر 2286 میںرہائش پذیر 40 سالہ صدف اختر دختر محمد چوہدری مہدی اختر زوجہ عمران مرحوم کو تشدد کرنے کے بعدسرپر کسی کند آلے سے وار کرکے قتل کردیا تھا اور گھر میں رکھے طلائی زیورات اور کیش رقم لے کر پنجاب فرار ہوگئے تھے ، ملزمان مقتولہ صدف کے گھر میں ملازمت کرتے تھے ، اور ان دونوں نے اپنے آپ کو میاں بیوی ظاہر کیا تھا۔

ایران جانیوالے75 افراد گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان گوادر شاہجہان چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 75 افراد کو گرفتار کرلیا، کوسٹ گارڈ حکام کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد میں 11 افغانی بھی شامل ہیں ، جن کے قبضے سے کرولا کار اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔

کورنگی میں پولیس مقابلہ ، ملزم گرفتار، مسروقہ موٹر سائیکل برآمد
تین ملزمان گرفتار، گرفتار ملزم نے کئی علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کر لیا
کراچی(کرائم رپورٹر) کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقابلے کے بعد ملزم شان محمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ ،مسروقہ موٹر سائیکل اور16ہزار نقدی برآمد کر لی،تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا بلال کالونی چوکی انچارج اے ایس ائی اے غلام گل محمد ،اے ایس آئی علی نواز انڈھڑ نے پولیس پارٹی کے ہمراہ کورنگی گلزار کالونی سیکٹر 7/Aخٹک پیٹرول پمپ کے قریب 2موٹر سائیکل پر سوار چار ملزمان سے سامنا ہوگیا ،مقابلے کے دوران ایک ملزم شان محمد ولد داد محمد کو گرفتار کرلیا جب کے تین ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول،مسروقہ موٹر سائیکل اور شہری سے لوٹی گئی 16ہزار نقدی برآمد کر کے دو مقدمات درج کرلیے،یس ایچ او غلام رسول سیال نے بتایاکہ ملزم ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے پولیس نے بروقت اطلاع ملنے پر ملزمان کا گھیرا تنگ کیا جس پرپولیس نے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم نے بلا ل کالونی،مہران ٹائون،ملیر ندی و دیگر علاقوں میں درجن وارداتوں کا اعتراف کیا ہے،مزید پولیس فرار ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر فہیم گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) رینجرزنے آرام باغ کے علاقے سے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر فہیم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق آرام باغ کے علاقے سے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر فہیم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش کئی افراد کے قتل، بھتہ خوری اور جلاؤ گھیراؤ کا بھی اعتراف کیا ہے جب کہ ملزم کی نشاندہی پر فرنیچر مارکیٹ سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالت سے ملزم سے مزید تفتیش کے لیے عدالت سے اس کا90روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

Tags: