سیاسی و مذہبی جماعتیں عوام کو جھوٹے دعوئوں سے بہلا رہی ہیں، فارو ق ستار

November 25, 2015 4:25 pm0 commentsViews: 35

ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جس نے متوسط اور غریب طبقے کے لوگوں کو ایوانوں میں بھیجا ہے
جس کام کو ایم کیو ایم برسوں پہلے انجام دے چکی ہیں، جماعتیں اب اس کو آگے لا رہی ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے برنس روڈ کی یو سی 26 پاکستان چوک اور یو سی 28 سٹی ریلوے کالونی میں بلدیاتی انتخابات میں نامزد حق پرست امیدواران کے انتخابی کیمپوں کا دورہ کیا اور بوہری، کچھی میمن اور قریشی برادریوں کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کچھی میمن اور قریشی محلہ میں منعقدہ انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھے اور غریب متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے با صلاحیت افراد کی نمائندگی کرتی ہے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں اور قابلیت سے ملک و قوم کو مستفید کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے نعرے تو تمام ہی سیاسی اور مذہبی جماعتیں لگاتی ہیں لیکن الیکشن کے موقع پر ان کے یہ نعرے دعوے میں تبدیل ہوجاتے ہیں اور ان کی ترجیحات میں الیکشن میں نامزدگیوں کیلئے اپنے رشتے داروں کے علاوہ کوئی امیدوار شامل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم واحد جماعت ہے جس نے غریب و متوسط طبقے کی قیادت کواپنے نعرے اور وعدے کے مطابق ملک کے منتخب ایوانوں میں بھیجا لیکن یہ عجیب طرفہ تماشہ ہے کہ ایم کیو ایم جس کام کو برسوں پہلے انجام دے چکی ہے آج اسی کا بیڑا اٹھانے کیلئے نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتیں سب سے آگے ہیں۔ اور ایک مرتبہ پھر جھوٹے دعوئوں سے عوام کو بھیلا پھسلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات میں عوام ایم کیو یم کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں۔

Tags: