شاعر و دانشور جمیل الدین عالی کو سپرد خاک کر دیا گیا

November 25, 2015 4:28 pm0 commentsViews: 30

نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت
جمیل الدین عالی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، فاروق ستار
کراچی( کلچرل رپورٹر) معروف شاعر، دانشور، قلم کار جمیل الدین عالی کو منگل کے روز آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق ملک کے نامور شاعر، دانشور اور نثر نگار جمیل الدین عالی کی نماز جنازہ بعد نماز عصر جامع مسجد طوبیٰ ڈیفنس فیز1 میں ادا کی گئی جس میں ادب سے وابستہ اہم شخصیات کے علاوہ سیاسی سماجی و فنون لطیفہ سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مرحوم کو آرمی قبرستان میں ہزاروں سواگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا، مرحوم کی رسم قل آج 25 نومبر 2015 بروز بدھ کو بعد نماز ظہر ان کی رہائش گاہ کلفٹن میں ہوگی۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے نماز جنازہ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمیل الدین عالی کی رحلت سے ہم ایک سچے محب وطن اور محبت کرنے والے شخص سے محروم ہوگئے اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

Tags: