پیپلزپارٹی نے امیدواروں کو ملنے والی دھمکیوں سے رینجرز کو آگاہ کر دیا

November 25, 2015 4:44 pm0 commentsViews: 31

کراچی میں ڈی جی رینجرز سے وفد کی ملاقات، شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے پیپلز پارٹی کے وفد نے منگل کو ملاقات کی‘ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے وفد میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی‘ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی‘ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم‘جنرل سیکریٹری ندیم بھٹو شریک تھے‘ وفد نے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے شہید رینجرز اہلکاروں کی تعزیت کی اور ایصال ثواب کیلئے دعا کی‘ اس حوالے سے نجمی عالم کا کہنا کہ ہم نے ڈی جی رینجرز کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے پیپلز پارٹی کے امید واروں کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ رینجرز کراچی میں انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنوں کے اندر بھی موجود ہو جس پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر ہمیں کہے گا تو رینجرز کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر بھی تعینات کریں گے۔

دھاندلی کیخلاف پیپلزپارٹی مخالف اتحاد کا آج دھرنا دینے کا اعلان
دھرنا الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے دیا جائے گا، انتخابات کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کرینگے، ارباب رحیم
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد نے آج ( بدھ) کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے اور دوسرے مرحلے کے دوران مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کی جانب سے کی گئی دھاندلی اور الیکشن کمیشن کی خاموشی کے خلاف بدھ کو دھرنا دے کر پہلے اور دوسرے مرحلے کے انتخابات کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کریں گے۔ دھرنے میں سابق وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم ، وفاقی حکومت کے اتحادی نیشنل پیپلز پارٹی کے جتوئی برادران سمیت مسلم لیگ ن اور ڈاکٹر ذوالفقار مرزا شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں انتخابات کے دوران حکمران جماعت نے اپنا حکومتی اثر و رسوخ استعمال کرکے نتائج اپنے حق میں حاصل کئے ہیں اس ساری دھاندلی پر الیکشن کمیشن خاموش رہا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے بعد دھاندلی کے خلاف آئندہ کی حکمت عملی کا بھی اعلان کریں گے۔

Tags: