آج کراچی میں عمران خان اور سراج الحق کا بھرپور استقبال ہوگا

November 28, 2015 12:45 pm0 commentsViews: 85

دونوں جماعتوں کے قائدین جلوس کی شکل میں نیپا چورنگی سے ہوتے ہوئے مزار قائد پر حاضری دینگے
شاندار اور تاریخی استقبال ثابت کر دے گا کہ کراچی میں تبدیلی آرہی ہے، حافظ نعیم اور فردوس شمیم کی پریس کانفرنس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ایئر پورٹ پر استقبال اور استقبالی جلوس کے روٹ کا اعلان کر دیا گیا آج ( ہفتہ) ایک بجے دن ایئر پورٹ پر شاندار استقبال ہوگا۔ بعد ازاں دونوں جماعتوں کے قائدین کی قیادت میں استقبالیہ جلوس شاہراہ فیصل، نیپا چورنگی اور حسن اسکوائر سے ہوتا ہوا مزار قائد پہنچے گا، جہاں حاضری دی جائے گی۔ انتظامیہ کو استقبالیہ جلوس کے پروگرام سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان تحریک انصاف کراچی کے رہنما فردوس شمیم نقوی اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے جمعہ کو انصاف ہائوس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل اور جماعت اسلامی کے عبدالوہاب اور زاہد عسکری بھی موجود تھے،۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ28 نومبر کو شاندار استقبال ثابت کرے گا کہ کراچی میں تبدیلی آرہی ہے کراچی کے عوام اپنے گھروں سے نکل کر سراج الحق اور عمران خان کا استقبال کریں گے اور یہ رہنما کراچی کے عوام سے اظہار یکجہتی کریں گے، فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ 5 دسمبر کو فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے عوام کو حوصلہ ملے گا، انہوں نے بتایا کہ عمران خان29 نومبر کو کراچی میں بنارس چوک ، سلطان آباد، ککڑی گرائونڈ، فائیو اسٹار چورنگی، الآصف اسکوائر اور دائود چورنگی پر کارنر میٹنگوں سے خطاب کریں گے۔

Tags: