متحدہ میں ناراض لوگ علیحدہ گروپ بنانا چاہتے ہیں، آفاق احمد

November 28, 2015 12:46 pm0 commentsViews: 46

الطاف حسین نے کبھی مہاجروں کیلئے کام نہیں کیا، رینجرز سے اختیارات واپس لئے گئے تو کراچی میں امن کا قیام مشکل ہوجائے گا
ہماری لڑائی جہالت سے ہے، مہاجر عوام کے مسائل اپنے وسائل سے حل کرنا چاہتے ہیں، سربراہ مہاجر قومی موومنٹ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے کہا ہے کہ متحدہ میں ناراض لوگ اپنے علیحدہ گروپ بنانا چاہتے ہیں میں نے ان لوگوں کو متحدہ سے علیحدگی سے روکا ہے۔ الطاف حسین نے کبھی مہاجروں کیلئے کام نہیں کیا۔ کراچی آپریشن سے لوگوں میں احساس تحفظ پیدا ہوا، آپریشن روکنا عاقبت نا اندیشی ہوگی۔ رینجرز سے اختیارات واپس لئے گئے تو کراچی میں امن و امان کا قیام مشکل ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آفاق احمد کا کہنا تھا کہ کراچی میں بہت کم عرصہ میں امن و امان قائم ہوا۔ الطاف یا آفاق نہ بھی ہوں تو کراچی کی لیڈر شپ مہاجروں سے ہی نکل سکتی ہے۔ الطاف حسین نے مہاجر قوم کو نقصان پہنچایا اور میری قوم کے ساتھ غلط کیا۔ حکیم محمد سعید کے قتل کے ذمہ دار الطاف حسین ہیں۔ ڈاکٹر عمران فاروق کا قتل بھی انہوں نے ہی کرایا، اختر رضوی اور رئیس امروہی نے الطاف حسین کو لیڈر بنایا لیکن الطاف حسین نے اپنے محسنوں کی پیٹھ پر چھرا گھونپا رئیس امروہی نے خود کہا تھا کہ الطاف حسین بگڑ رہا ہے۔ الطاف حسین کے جرائم میں عامر خان برابر کے شریک ہیں، میں نے پارٹی میں رہ کر بھی الطاف حسین سے اختلافات کئے ۔ الطاف حسین کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔ ہماری لڑائی جہالت سے ہے۔ مہاجر عوام کے مسائل اپنے وسائل سے حل کرنا چاہتے ہیں کوئی بھی ملک اسٹیبلشمنٹ کے بغیر نہیں چل سکتا، قومیں زندہ ہوتی ہیں اور لوگ مر جاتے ہیں۔

Tags: