ڈان نیوز کی وین اورکار پر فائرنگ، تین افراد زخمی

November 28, 2015 12:46 pm0 commentsViews: 56

عیسیٰ نگری میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ڈی ایس این جی پر فائرنگ کردی جس سے انجینئر زخمی ہوگیا
حیدری نگینہ اسکوائر کے قریب ہنڈاسٹی کار پر فائرنگ سے دو افرادزخمی، حالت خطرے سے باہر ہے
کراچی(کرائم رپورٹر) نارتھ ناظم آباد اور عیسی نگری کے قریب فائرنگ کے واقعات میں ڈان نیوز کے ڈی ایس این جی انجینئر اور سالے بہنوئی زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حیدری کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک جی نزد نگینہ اسکوئر کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ہنڈاسٹی کار نمبر ALC-369 پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،گولیاں لگنے کے نتیجے میں کار سوار دو افراد مرتضی اور جوزر زخمی ہوگئے،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاگیا،ایس ایچ او عامر شاہ کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے،وہ بوہری کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور وقوعہ سے قبل وہ شبیر آباد میں مجلس سے فارغ ہوکر یہاں پہنچے تھے کہ انہیں ٹارگٹ کیا گیا،پولیس نے موقع سے نائن ایم ایم پستول کے خول تحویل میں کرلیے ہیں۔عزیزبھٹی کے علاقے عیسیٰ نگری سرشاہ سلیمان روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزموں نے ڈان نیوز کی ڈی ایس این جی وین نمبر AXU-362 پر اندھادھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے،گولی لگنے سے گاڑی میں موجود ڈی ایس این جی انجینئر حسن علی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا،پولیس کے مطابق مضروب کو دوگولیاں لگی ہیں مگر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مضروب کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،پولیس نے موقع سے نائن ایم ایم پستول کے خول اپنی تحویل میں کرلیے ہیں۔

Tags: