متحدہ سے الیکشن چھیننا کراچی کیلئے نقصان دہ ہوگا،انٹیلی جنس ذرائع

November 28, 2015 12:48 pm0 commentsViews: 22

کراچی میں دھواں دھار صورتحال جنم لے رہی ہے، رینجرز بیک وقت ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کیخلاف گھیرا تنگ کررہی ہے، تجزیہ کار
پاکستان کے کچھ لوگوں نے ایم کیو ایم کے خلاف منصوبہ بنالیا ہے، ہمارے دفاتر پر مسلسل چھاپے مارے جارہے ہیں، عوام کے فیصلوں کو قبول نہ کرنے کاخمیازہ پاکستان بھگت چکا ہے، متحدہ رہنما ندیم نصرت
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں کے خلاف مقدمات اور ان کی گرفتاری کے خدشات نے صورتحال کو تشویشناک بنادیا ہے، حساس اداروں نے کراچی کے مستقبل کے حوالے سے ہونے والے خطرات سے حکومت کو آگاہ کردیا
لاہور، اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں متحدہ کے دفاتر پر چھاپے، کارکنوں کی گرفتاریاں اور اہم رہنمائوں کی گرفتاری کے خدشے نے صورتحال کو تشویشناک بنا دیا ہے حساس اداروں اور انٹیلی جنس اہلکاروں نے حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ متحدہ سے الیکشن چھیننا کراچی کیلئے نقصان دہ ہوگا اس لئے حالات کو بہتر بنانے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے اور کراچی کے حوالے سے افہام و تفہیم کے ساتھ اہم فیصلے کئے جائیں دوسری طرف سینئر تجزیہ کار کامران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک دھواں دھار صورتحال جنم لے رہی ہے۔ رینجرز نے بیک وقت ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا، سندھ رینجرز حرکت میں ہے اور ایک سیاسی تحریک کے حوالے سے بڑا ایکشن ہو رہا ہے۔ ایک جانب اس نے ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس اور دیگر دفاتر پر چھاپے مارے ہیں اور بلدیاتی الیکشن سے تقریباً دو ہفتے قبل ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز نے پیپلز پارٹی کے اہم رہنما اور آصف زرداری کے دست راست ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف کراچی کے تھانے میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی معاونت اور مالی مدد کے حوالے سے آئندہ چند دنوں میں آپریشن میں بہت تیزی آنے والی ہے۔ اس صورتحال پر لندن سے ایم کیو ایم کے کنوینر ندیم نصرت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی صورتحال ہے جس کو بد قسمتی ہی کہا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ دو تین روز سے ہمارے دفاتر پر چھاپے مار کر کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، الیکشن میں حصہ لینا ایم کیو ایم کا حق ہے لیکن لگتا ہے کہ کچھ لوگوں نے ایم کیو ایم کے خلاف منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے فیصلوں کو قبول نہ کرنے کا خمیازہ پاکستان بھگت چکا ہے۔ خدارا پاکستان کے مستقبل سے نہ کھیلیں۔ ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے کے شہریوں کی تشویش اور بلدیاتی الیکشن کے موقع پر خونریزی کے خدشات سے بھی حکام کو آگاہ کردیا ہے۔

Tags: