آج صبح، کورنگی صنعتی ایریا میں ٹائر فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی

November 28, 2015 1:25 pm0 commentsViews: 21

اچانک لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی
آگ لگنے کے بعد فیکٹری کے اندر سے وقفے وقفے سے دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی تھیں، لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے کورنگی صنعتی ایریا میں واقع ٹائر فیکٹری میں خطرناک آتشزدگی،4 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف، کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح کورنگی صنعتی ایریا چمڑا چورنگی سیکٹر7/A میں واقع ٹائر کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اور آگ کے شعلے آسمان کی طرف جانا شروع ہوگئے جس کی اطلاع فائر بریگیڈ حکام کو دی گئی۔ فائر بریگیڈ کو اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کا عمل تیزی سے شروع کر دیا۔ آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کی2 گاڑیاں حصہ لے رہی تھیں کہ آگ تیزی سے پھیل رہی تھی جس پر فائر بریگیڈ کے عملے نے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کر لیں۔ جس کے بعد2 مزید گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی اور آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا ہے فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع دیر سے دی گئی ہے۔ جب تک فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچی تھیں آگ نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اور آگ شدت اختیار کر چکی تھی فیکٹری کے اندر سے وقفے وقفے سے دھماکے کی آوازیں بھی سنائی دی جا رہی ہیں مذکورہ دھماکے فیکٹری میں رکھے کیمیکل کے ڈرم میں ہو رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ اور آگ لگنے کے باعث لاکھوں روپے کا کباڑی کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کا عمل جاری ہے آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا ہے اور آگ لگنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ آگ بجھنے کے بعد معلوم ہو سکے گا کہ آخری اطلاعات تک آ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔

Tags: