کربلاجانیوالے زائرین کو سیکورٹی فراہم کی جائے، شیعہ علما کونسل

November 28, 2015 1:39 pm0 commentsViews: 26

محسوس ہوتا ہے حکومت زائرین کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں ہے، احتجاجی مظاہرے سے رہنمائوں کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شیعہ علماء کونسل نے اپنے مطالبات کے حق میں جمعہ کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے صوبائی صدر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی و دیگر نے کہا کہ چہلم امام حسین کے لئے کربلا جانے والے 12 ہزار سے زائد زائرین کوئٹہ میں موجود ہیں جنہیں سیکورٹی اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ حکومت زائرین کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کا حساس صوبہ ہے جہاں ماضی میں زائرین کو متعدد بار دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ زائرین کو سیکورٹی ملنا ان کا حق ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرے۔ شیعہ علماء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں موجود ہزاروں زائرین کو ہنگامی بنیادوں پر سیکورٹی اور سہولت فراہم کی جائے اور انہیں ایران کیلئے روانہ کیاجائے انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری وفاق اور بلوچستان حکومت پر عائد ہوگی۔