وزیراعلیٰ نے کراچی پہنچتے ہی سندھ کابینہ میں تبدیلیاں کردیں

November 28, 2015 2:02 pm0 commentsViews: 17

ناصر حسین شاہ کو محکمہ خوراک دیا گیا، جام خان شورو نئے وزیر بلدیات ہوں گے ،مولا بخش چانڈیو کو اطلاعات کا قلمدان سونپ دیا گیا
دبئی میں آصف زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں بیورو کریسی میں بھی بڑے پیمانے میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دبئی سے کراچی پہنچتے ہی سندھ کابینہ میں تبدیلیاں کر دیں۔ جمعہ کو تعطیل کے موقع پر حکومت سندھ کے جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق سابق صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کو محکمہ خوراک کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو سے لائیو اسٹاک کا قلمدان واپس لے کر انہیں بلدیات کا وزیر بنا دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مولانا بخش چانڈیو کو وزیر اعلیٰ سندھ کا مشیر برائے اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی فیاض بٹ کو وزیر اعلیٰ کا معاون خصوصی مقرر کرکے انہیں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیہی ترقی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ ان کا عہدہ صوبائی وزیر کے برابرہوگا۔ واضح رہے کہ سندھ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں کیا گیا تھا۔ اجلاس میں بیورو کریسی میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ ہوا تھا۔ ان فیصلوں کی روشنی میں سندھ کابینہ میں مزید ردو بدل ہو سکتا ہے۔ جبکہ بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Tags: