کراچی میں امن کیلئے سیکورٹی اداروں نے بھرپور قربانیاں دی ہیں، نہال ہاشمی

November 28, 2015 2:13 pm0 commentsViews: 32

اس شہر کو بس منصوبے کے علاوہ دیگر منصوبے بطور تحفہ دیئے جائیں گے، امید واروں کی ریلی سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکریٹری و سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ اندرون سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد اب5 دسمبر کو کراچی کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کامیابی حاصل کرے گی۔ کراچی میں امن مسلم لیگ ن کی حکومت کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اور اس امن کے قیام میں سیکورٹی اداروں نے بھر پور قربانیاں دی ہیں، بلدیاتی انتخابات کے بعد پارٹی کی قیادت کراچی کیلئے بھر پور کردار ادا کرے گی اور حکمران لیگ کراچی کو بس منصوبے کے علاوہ دیگر بڑے منصوبے بطور تحفہ دے گی کیونکہ کراچی کی ترقی ہی میں ملک کی ترقی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بلدیاتی امیداروں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی لسبیلہ چوک سے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی نہال ہاشمی نے کہا کہ ماضی میں کراچی کی ترقی اور امن کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے اس لئے آج یہ شہر مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے وزیر اعظم نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔

Tags: