شاہ لطیف بھٹائی کے عرس کی تقریبات، ہزاروں افراد کی شرکت

November 28, 2015 2:08 pm0 commentsViews: 351

شرمیلا فاروقی اور عبدالقیوم سومرو نے چادر چڑھا کر عرس کی تقریب کا افتتاح کیا ،دستکاری کی نمائش
ہالا، مٹیاری، حیدر آباد( نیوز ڈیسک) سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 272 ویں عرس کا جمعہ کو آغاز ہوگیا عرس میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی برائے اوقاف و مذہبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو اور مشیر برائے ثقافت شرمیلا فاروقی نے بھٹ شاہ میں درگاہ شاہ عبدالطیف بھٹائی پر چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں کا کہنا تھا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کا پیغام پیار اور امن کا درس دیتا ہے جس سے ملک سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے پیغام کو پھیلا کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں شرمیلا فاروقی نے بھٹ شاہ میں قائم کئے گئے ثقافتی گوٹھ کا افتتاح کیا جہاں سندھی دستکاری اجرک سمیت دیگر اشیاء کو نمایاں طور پر دکھایا گیا تھا۔ نمائش میں شہید بے نظیر بھٹو کی خوبصورت مورتی بھی بنائی گئی تھی جسے شرکاء نے بیحد سراہا۔

Tags: