بولٹن مارکیٹ کے تاجروں کا کسٹم حکام کیخلاف احتجاج

November 28, 2015 2:29 pm0 commentsViews: 26

کسٹم حکام نے اسمگل شدہ سامان کیلئے چھاپہ مارا تھا، دکانوں میں رکھا گیا کاسمیٹکس کا سامان، سگریٹ اور انڈین گٹکا قبضے میں لے لیا
تاجروں نے نیو میمن مسجد کے سامنے احتجاج کیا جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا،پولیس نے مذاکرات کے بعد مظاہرین کو منتشر کردیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) بولٹن مارکیٹ کی دکانوں پر چھاپوں اور سامان ضبط کرنے کیخلاف تاجروں نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا‘ مظاہرین نے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیخلاف نعرے لگائے‘ احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا‘ کسٹم حکام نے اسمگل شدہ سامان کیلئے چھاپہ مارا تھا‘ تفصیلات کے مطابق بولٹن مارکیٹ کے تاجروں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے چھاپوں اور کاسمیٹکس کا سامان ضبط کئے جانے کیخلاف نیو میمن مسجد کے قریب ایم اے جناح روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا‘ مظاہرین نے قانون نافذ کرنیوالے اداروںکیخلاف شدید نعرے بازی کی‘ احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ‘ آئی آئی چندریگر روڈ‘ نیٹی جیٹی پل‘ شارع لیاقت اور متصل سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا‘ ایس ایچ او ندیم حیدر کے مطابق احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مظاہرین سے معلومات حاصل کیں تو انہوں نے بتایا کہ چھاپہ کسٹم حکام نے مارا تھا اور وہاںسے کاسمیٹکس کا سامان اپنی تحویل میں لے لیا‘ ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کی صبح بولٹن مارکیٹ سے متصل یوسف پلازہ کوئٹہ مارکیٹ کے متین نامی شخص کا کنٹینر آیا تھا جس سے سامان اتارا جارہا تھا کہ اس دوران پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی اور مبینہ طور پر رقم کا تقاضہ کیا تاہم متین نے رقم دینے سے انکار کردیاجس کے کچھ دیر بعد کسٹم حکام نے چھاپہ مار کر کنٹینر کا سامان اپنے قبضے میں لے لیا مذکورہ واقعے کے چند گھنٹوں بعد مذکورہ مارکیٹ میں پھر چھاپہ مارا گیا اور دکانوں میں رکھی ملکی و غیر ملکی سگریٹ اور انڈین گٹکا قبضے میں لے لیا گیا۔

Tags: