غداری کیس کی ازسرنوتحقیقات کرنے کا حکم

November 28, 2015 2:31 pm0 commentsViews: 19

خصوصی عدالت نے پرویزمشرف ، شوکت عزیز، عبدالحمید ڈوگر اور زاہد حامد کے بیانات دوبارہ لینے کی ہدایت کردی
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے کیس میں ایف آئی اے کو سابق صدر پرویز مشرف سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور سابق وفاقی وزیر زاہد حامد کے تازہ بیانات ریکارڈ کرکے از سر نو تحقیقات کرتے ہوئے مزید سماعت17 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ خصوصی عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ تحقیقات کس مرحلے میں ہے اور انکوائری ٹیم نے کس کس کے بیانات کو ریکارڈ کیا ہے اور آئندہ سماعت تک تحقیقات مکمل کرکے عدالت کو رپورٹ پیش کی جائے۔ تحقیقات مکمل نہ ہونے کی صورت میں عدالت کو اس حوالے سے پیشرفت کی رپورٹ کی جائے، جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نے کیس کی سماعت کی دوران استغاثہ کی جانب سے پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ اختیارات سے تجاوز ہے۔ ہمیں اس فیصلے پر تحفظات ہیں، وفاق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بہت جلد اپیل دائر کرے گا۔

Tags: