پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی عوام کو غلام بنانا چاہتے ہیں، متحدہ

November 30, 2015 1:02 pm0 commentsViews: 23

عوام 5دسمبر کو منافق جماعتوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے، ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی
عوام نے الطاف حسین پر اعتماد کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، اورنگی، گلشن اقبال، رنچھوڑ لائن میں انتخابی جلسوں سے خالد مقبول صدیقی، رئوف صدیقی ،عارف ایڈوکیٹ ودیگر رہنمائوں کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام کورنگی ساڑھے تین میں منعقدہ بلدیاتی مہم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عارف خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کے عوام5 دسمبر کے روز کراچی میں منافق جماعتوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں گے، کراچی کے عوام نے ہمیشہ الطاف حسین پر اعتماد کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ سینئر رہنما و حق پرست رکن قومی اسمبلی خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے انتخابی اور تنظیمی دفاتر پر بلا جواز چھاپوں اور غیر آئینی گرفتاریوں کا مقصد ایم کیو ایم کو بلدیاتی انتخابات سے بائیکاٹ کروانا ہے لیکن ایم کیو ایم کسی صورت بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، کراچی کے عوام نے پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور آج بھی اس شہر کی محنت سے پاکستان کا ہر صوبہ، قصبہ، علاقہ پرورش پا رہا ہے۔ ملک کے تمام حصوں میں ترقیاتی کام کراچی کے ٹیکس سے چل رہے ہیں۔ حق پرستوں کے بلدیاتی دور میں کراچی دنیا کے اعلیٰ ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا لیکن اسے تعصب کی نظر کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے کراچی کے عوام کو ہمت اور جذبے عطاکئے ہیں۔ جس کی بدولت آج یہ شہر اپنے حقوق مانگ رہا ہے۔ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو ایک مرتبہ پھر غلام بنانا چاہتے ہیں۔ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کی رکن ہیر سوہو نے کہا کہ کراچی حق پرستوں کا شہر ہے اور اسی جرم کی پاداش میں انہیں کبھی دہشت گرد، کبھی بھتہ خور اور کبھی ٹارگٹ کلر بنا کر دنیا کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ لیکن عوام5 دسمبر کو ان سب مظالم کا جواب اپنے ووٹ کے ذریعے دیں گے اور دنیا کو بتا دیں گے کہ صرف اور صرف الطاف حسین ہی پاکستان کی ترقی کے ضامن ہیں۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی سید آصف حسنین نے کہا کہ ایم کیو ایم پر دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے لیکن نوجوانوں کو یہ نہیں بتایا جاتا ہے کہ ایم کیو ایم سے پہلے شہر میں کھلے عام مہاجروں کا قتل عام کیا گیا۔ کوٹہ سسٹم نافذ کیا گیا اور لسانی بل کے نام پر سندھ میں مہاجروں کی جائیدادوں پر قبضہ کرکے مہاجر خاندانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے عوام با شعور ہیں اور جانتے ہیں کہ دکھ کے وقت ان کے ساتھ کونسی جماعت اور کونسا لیڈر ہوتا ہے۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈپٹی اقبال نے کہا کہ کراچی کو ایم کیو ایم نے دنیا کے نامور شہروں میں کھڑا کر دیا اور آج انتہا پسندی کے پیروکار کراچی کے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے ریلیاں نکال رہے ہیں۔ ریلی میں خاتون رپورٹر سے بد تمیزی اور بد اخلاقی نے کراچی کے سامنے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا اصل چہرہ کھول دیا ہے۔ کراچی کے عوام5 دسمبر کو دنیا کو بتا دیں گے کہ کراچی صرف الطاف حسین کا شہر ہے۔ حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہا کہ کراچی سب کا ہے کا نعرہ لگانے والوں نے کراچی کے عوام کو سوائے الزامات کے کچھ نہیں دیا۔ بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم مخالفین کا جنازہ نکال دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈپٹی کنوینر شاہد پاشا، رابطہ کمیٹی کے ارکان عبدالقادر خانزادہ، زاہد منصوری، کنور نوید جمیل، قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار اور سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن وسیم اختر نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ہفتہ کی شب اورنگی ٹائون، گلشن اقبال اور رنچھوڑ لائن میں منعقد بڑے انتخابی جلسوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں انتخابی جلسوں سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی پر مشتمل نام نہاد دو جماعتی اتحاد کراچی کے عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے پھر نکل پڑا ہے، یہ جماعتیں پشاور میں حریف ہیں اور ایم کیو ایم اور کراچی کے عوام کی دشمنی میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر حلیف بن چکی ہیں جن کا چہرہ اب دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں اپنے گھروں کی سیٹیں نہیں جیت سکتیں۔

Tags: