شوہر کنگال نکلے پسند کی شادی کرنیوالی 250خواتین خلع کیلئے عدالت پہنچ گئیں

November 30, 2015 1:10 pm0 commentsViews: 29

شادی سے پہلے شوہروں سے فون اور مسیج پر دوستی ہوئی اور محبت کے پرفریب جال میں پھنس کر گھر سے فرار ہوئیں
کورٹ میرج کے بعد سارے سپنے جھوٹ نکلے،شوہراخراجات پورے کرنے کے بجائے گھر بیٹھ گئے اور ہمیں نوکری کا کہنے لگے
کنگال اور بے روزگار شوہروں نے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی،استدعا ہے کہ خلع کی ڈگری جاری کی جائے، خواتین کا درخواستوں میں موقف
کراچی( نیوز ڈیسک) ماہ اکتوبر میں پسند کی شادی کرنے والی250 سے زائد خواتین نے 15 دن بعد ہی خلع حاصل کرنے کی درخواست مختلف عدالتوں میں جمع کرا دی ہیں اکثر درخواستوںمیں محبت کے جھانسے میں آنے اور شوہر کے لالچی ہونے کا بتا کر خلع کی ڈگری جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سول اینڈ فیملی جج کی مختلف عدالتوں میں سائٹ، ایف سی ایریا، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، کورنگی، ملیر سمیت دیگر علاقوں کی رہائشی فائزہ، حمیرا، شاذیہ سمیت15 خواتین نے اپنے شوکر شاکر، عرفان، آصف، راشد اشرف، نثار سمیت دیگر خلع حاصل کرنے کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شادی سے پہلے شوہروں سے فون میسج پر دوستی ہوئی اس کے بعد سلسلہ موبائل فون پر بات چیت کے ذریعے چلتا رہا یا پھر پارکوں میں ملاقاتیں ہوئیں۔ اس کے بعد ان افراد کی محبت کے پر فریب جال میںپھنس گئیں اور ان کی محبت میں گرفتار ہو کر گھر سے فرار ہو کر شادی کرلی، خلع کی دائر درخواستوں میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ چند یوم قبل ان کے ساتھ کورٹ میرج کر لی تھی لیکن شادی کے بعد سپنے خواب ثابت ہوئے ان شوہروں نے گھر کے اخراجات پورے کرنے کیلئے ہمیں نوکری کرنے اور رقم لا کر دینے کا کہا اور خود بغیر نوکری کے بیٹھ گئے۔ ان کو بہت سمجھانے کی کوشش کی لیکن یہ بے روزگار شوہر خود کو شادی سے قبل بینک منیجر اور مختلف دفاتر میں اچھی نوکری کا بتاتے تھے لیکن کنگال، بے روزگار ان شوہروں نے ہمارے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ استدعا ہے کہ خلع کی ڈگری جاری کی جائے۔

Tags: