ٹیکس نادہندگان،لگژری گاڑیوں کے مالکان کے بینک اکائونٹس منجمد ہونگے

November 30, 2015 1:16 pm0 commentsViews: 13

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 2سال سے لگژری گاڑیوں پر ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا
پہلے مرحلے میں نادہندگان کو نوٹس جاری کئے جائیں گے، رواں سال کے دوران اکتوبر تک 4105لگژری گاڑیاں درآمد کی گئیں
کراچی( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئے سال کے آغاز سے لگژری گاڑیوں کے ٹیکس نادہندگان مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ ٹیکس چوروں کے بینک اکائونٹس منجمد کر دئے جائیں گے۔ ایف بی آر حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ یکم جنوری 2016ء سے لگژری گاڑیوں کے ایسے نادہندہ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے گزشتہ دو سال سے گاڑی کی فروخت اور ادائیگی کے وقت ڈیوٹی اور ٹیکس ادا نہیں کیا۔ پہلے مرحلے میں ایسے افراد کے بینک اکائونٹس منجمد کئے جائیں گے جن کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر موجود نہیں۔ حکام اس اقدام سے پہلے نادہندگان کو نوٹسز بھی جاری کئے جائیں گے۔ ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق رواں مالی سال اکتوبر تک14106لگژری گاڑیاں در آمد کی گئیں اور صرف اکتوبر میں یہ تعداد 4041 ہے۔ دوسری جانب ایف بی آر حکام نے رواں مالی سال ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے تمام کلیکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ ہر صورت ٹیکس وصولی یقینی بنائی جائے۔

Tags: