عوام کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا،شیری رحمن

November 30, 2015 1:22 pm0 commentsViews: 36

جیالوںنے نہ کبھی سرجھکایا نہ آئند ہ جھکائیں گے، ہماری جدوجہد انتہا پسندی کے خلاف ہے
عوام کے دلوں سے بھٹو کی تصویر کوئی نہیں مٹا سکتا، پیپلز پارٹی کی ریلی کے شرکاء سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمن نے کہا ہے کہ اپنے کارکنوں اور عوام کو کھلاڑیوں اور پٹواریوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ عوام ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں۔ تمام تر سازشوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود شہید بھٹو شہید بی بی کی محبت عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا ہے۔ سندھ میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد کراچی کے عوام بھی5 دسمبر کو تیر کے نشان پر ٹھپہ لگائیں گے،۔ پیپلز پارٹی یوم تاسیس کے حوالے سے آج ( پیر) میمن گوٹھ ملیر میں تاریخی عوامی جلسہ منعقد کرے گی۔ جس سے پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پیپلز پارٹی کی جانب سے بلاول ہائوس چورنگی سے سپارکو چورنگی تک نکالی جانے والی عوامی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں مردوں، خواتین، نوجوانوں، اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں پیپلز پارٹی کے اخونزادہ چٹان، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے، شیری رحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مخالفت کی ہے۔ ہماری جدوجہد جنونیت اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف ہے۔ جیالوں نے کبھی سر نہیں جھکایا ہے اور نہ کبھی جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیاست دانوں کا محور بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دلوں سے بھٹو کی تصویر کوئی نہیں مٹا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتقامی سیاست سے نہ ہم گھبرائے ہیں تمام حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

Tags: