کراچی کی تبدیلی تک نیا پاکستان نہیں بن سکتا،عمران خان

November 30, 2015 1:21 pm0 commentsViews: 15

کرپٹ عناصر جمہوریت کی آڑ میں مک مکا کی سیاست کررہے ہیں، ایسے لوگوں کا یکساں احتساب کرنا ہوگا
عوام ایسی جماعت کو ووٹ نہ دیں جس کے اثاثے ملک سے باہر ہوں، کراچی سب کا شہر ہے ،کارنر میٹنگ سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک پر مجرموں اور لٹیروں نے قبضہ کیا ہوا ہے کرپٹ لوگوں اور کرپشن میں ملوث جماعتوں نے اپنا اتحاد قائم کر لیا ہے، کرپٹ عناصر جمہوریت کی آڑ میں مک مکا کی سیاست کر رہے ہیں اور نعرہ لگا رہے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے قومی ایکشن پلان پر سست روی کی ذمہ دار مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتیں ہیں اگر ملک بچانا ہے تو کرپشن میں ملوث لوگوں کا یکساں احتساب ہونا ہوگا۔ کراچی کسی ایک جماعت کا نہیں سب کا شہر ہے۔ 5 دسمبر کو نئی تاریخ رقم ہوگی اور میں کراچی آکر اپنی جیت کا جشن منائوں گا۔ کسی ایسی جماعت کو عوام ووٹ نہ دیں جس کی جائیدادیں اور اثاثے ملک میں نہ ہوں عوام ووٹ کی طاقت سے کراچی کو تبدیل کر دیں گے۔ بلدیاتی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ککری گرائونڈ لیاری، کورنگی، بنارس چوک، نارتھ ناظم آباد، سلطان آباد میں کارنر میٹنگوں سے خطاب اور کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ کراچی میں عرصہ دراز سے ایک سیاسی جماعت کی اجارہ داری قائم ہے لیکن کراچی کے عوام5 دسمبر کو بلے کو ووٹ دے کر نئی تاریخ رقم کریں گے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پنجاب اور سندھ میں حکمران جماعتیں اپنی سیاسی مخالف جماعتوں کے خلاف مقدمات درج کر ارہی ہیں لیکن ہم ان مقدمات سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کراچی تبدیل نہیں ہوگا نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔

عمران خان دائود چورنگی پر نہیں پہنچ سکے، کارکنوں کا احتجاج

پی ٹی آئی رہنمائوں پر پتھرائو اور انڈوں کی بارش، علی زیدی، شمیم فردوس ودیگر جان بچا کر نکل گئے
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وعدے کے باوجود چورنگی نہیں پہنچ سکے جس پر کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور پارٹی کی مقامی قیادت کے خلاف نعرے بازی کی اور رہنمائوں پر پتھرائو اور انڈوں کی بارش کی اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی، شمیم فردوس نقوی اور دیگر جان بچا کر نکل گئے۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کا دو دن سے انتظار کر رہے ہیں اتوار کو بھی صبح سے عمران خان کے استقبال کی تیاری مکمل کر لی گئی تھیں لیکن عمران خان کے نہ آنے سے ہمیںمایوسی ہوئی ہے انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ دائود چورنگی کا بھی دورہ کریں۔ یہاں کے عوام بھی آپ کے چاہنے والے ہیں۔

Tags: