اسلام آباد، آج صبح بلدیاتی انتخابات میں ہنگامہ آرائی ،پولنگ تاخیر سے شروع

November 30, 2015 1:47 pm0 commentsViews: 22

یوسی 2 مسلم کالونی بری امام میں 2گروپ پولنگ اسٹیشن میں گھس گئے، پولیس سے تلخ کلامی ،حالات کشیدہ، خاتون ایجنٹ کے بیلٹ پیپر پر ٹھپے
انتخابی عملہ وقت پر نہ پہنچ سکا، ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں، 24سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں، مسلم لیگ (ن) سرفہرست
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح اسلام آباد میں تاریخ میں پہلی بار ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا آغاز وقت پر نہ ہو سکا۔ ووٹر پولنگ اسٹیشن پر صبح سویرے پہنچ گئے مگر انتخابی عملہ نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے پولنگ آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوئی۔ پولنگ صبح ساڑھے 6 بجے سے شام ساڑھے5 بچے تک جاری رہے گی۔ ادھر مسلم کالونی بری امام یو سی 2 کے پولنگ اسٹیشن پر 2 گروپوں میں تصاوم ہوگیا اور پولیس سے تلخ کلامی بھی ہوئی جس سے حالات کشیدہ ہوگئے۔ مذکورہ پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیا جا رہا ہے۔ 326عمارتوں میں 640 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے۔32 دیہی اور18 شہری یونین کونسل میں انتخابات ہو رہے ہیں 24 سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن605 ، جماعت اسلامی 164 اور671 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ جے یو آئی ف 13 ، جے یو پی کے6 نظر یہ پاکستان 6، تحریک تحفظ پاکستان 64 ، مسلم لیگ ق 12، عوامی نیشنل پارٹی کے15، عام آدمی 8 ، نیشنل پارٹی 16 ، عوامی تحریک 24، پاسبان 6، امیدوار برائے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک فوج رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات کر دئیے گئے، سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خواتین کی لمبی قطاریں پولنگ اسٹیشن پر موجود تھی۔ معمر خواتین بھی ووٹ ڈالنے آئیں اطلاعات کے مطابق یو سی1, 2, 3 پر پولنگ 2 گھنٹے گزرنے کے باوجود شروع نہ ہو سکی۔ دوسری جانب ایک پولنگ اسٹیشن یو سی6 ، پر خواتین نے اس وقت شور مچا دیا جب ایک امیدوار کے ساتھ خاتون نے بیلٹ پیپروں پر ٹھپے لگانے شروع کر دئیے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر فراہم کر دہ سیاہی خشک ۔ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کوئی شکایت نہیں ملی الیکشن کمیشن نے شکایتی سیل قائم کر رکھا ہے جو2 شفٹوں میں کام کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے عوام کی سہولت اور معلومات کی فراہمی کیلئے گوگل انٹر نیٹ کے ذریعے لنک دیا۔ اب گھر بیٹے ووٹر پولنگ اسٹیشن اور صحیح جگہ ووٹ ڈالنے کی جگہ یا تصویر انٹر نیٹ کے ذریعے دیکھ سکیں گے۔ علاوہ ازیں سرکاری چھٹی نہ ہونے کے باعث سرکاری دفاتر کے ملازمین اور افسران وقت پر ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ تاہم 2 بجے تمام سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا گیا یہ فیصلہ سرکاری ملازمت اور افسران کو بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے کیا گیا۔ تاہم سرکاری و نجی اسکول بند رہے۔ اسلام آباد میں فوج اور نیم فوجی دستوں کا گشت جاری ہے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ دوسری طرف سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ 62 پولنگ اسٹیشن حساس ترین اور522 کو حساس قرار دیا گیا۔

Tags: