کراچی کے حالات تبدیل ہو چکے ہیں، سرمایہ کار خود یہاں آرہے ہیں، وزیراعظم، نواز شریف

December 9, 2015 2:52 am0 commentsViews: 20

کراچی آپریشن کے اہداف نمایاں ہیں ، جرائم پیشہ عناصر کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا
آپریشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام معاملات پر حکومت کی کڑی نظر ہے، اجلاس سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تمام اہداف کے حصول کو مدنظررکھنا ہوگا ۔کراچی کے حالات اب تبدیل ہوچکے ہیں ۔پہلے سرمایہ کار منصوبوں پر بات کرنے کے لیے ہمیں باہر بلاتے تھے اب وہ خود سرمایہ کاری کرنے کے لیے کراچی آرہے ہیں ۔کراچی آپریشن کے اہداف بڑے واضح ہیں۔جرائم پیشہ عناصر کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا ۔ کراچی آپریشن پر رینجرز اور سیکیورٹی ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آپریشن اپنے مکمل اہداف حاصل کرنے تک جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو گورنر ہاؤس میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن ستمبر2013میں تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے شروع کیاگیاتھا۔آپریشن کو آج27ماہ گذرچکے ہیں ۔کراچی کے حالات پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی اور اسی وجہ سے شہر میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ عام ہوگئی تھی ۔کراچی آپریشن سات آٹھ سال قبل شروع ہوجانا چاہیے تھا ۔اگر اس فیصلے پر پہلے عملدرآمد کرلیا جاتا تو آج کراچی کے حالات مکمل طور پر امن ہوتے ۔ہماری حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی کراچی کے حالات پر توجہ دی ۔کراچی میں آپریشن شروع کیا گیا ۔آج کراچی کے حالات بدل چکے ہیں ۔امن و امان کی صورت حال بہترہوگئی ہے ۔

قائم علی شاہ کا آصف زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ
وزیر اعظم سے ملاقات و دیگر امور سے آگاہ کیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیر کی شب پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو ٹیلی فون کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات اور امن و امان سے متعلق اجلاس سمیت دیگر امور سے آصف زرداری کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے سندھ حکومت کی آئندہ حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں رینجرز کی تعیناتی کی مدت میں توسیع سے متعلق زیر التوا سمری پر وزیر اعلیٰ سندھ آج پیر کی رات یا کل منگل کو دستخط کر دیں گے۔

Tags: