ایم کیو ایم نے میئر کے اختیارات کیلئے قانونی جنگ کا فیصلہ کرلیا

December 10, 2015 1:11 pm0 commentsViews: 50

بلدیاتی الیکشن جیتنے کے بعد اگر میئر بے اختیار ہوگا تو پھر عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنا مشکل ہوجائے گا
میئر کو بااختیار بنانے کے لئے ایم کیو ایم کی جانب سے سخت ردعمل کی توقع کی جارہی ہے، قانونی ماہرین بیرسٹر فروغ نسیم کو لندن طلب کرلیا گیا
کراچی( نیوز ایجنسیاں) ایم کیو ایم نے میئر کے اختیارات کیلئے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ لندن جانے والے رہنما میئر اور ڈپٹی میئر کے اختیارات کے حوالے سے بھی متحدہ قائد سے مشاورت کریں گے۔ کیونکہ بلدیاتی انتخابات جیتنے کے بعد اگر ان کا میئر بے اختیار ہوتا ہے تو پھر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا مشکل ہوجائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت سے میئر کو با اختیار بنانے کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے سخت رد عمل کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد نے ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں کو طلب کیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس حوالے سے قانونی جنگ لڑنے کیلئے بیرسٹر فروغ نسیم کو خصوصی طور پر لندن بلایا گیا ہے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کو با اختیار بنانے کیلئے نئے منصوبے کا مطالبہ زور شور سے اٹھائے گی، ذرائع کا کہنا ہے لندن جانے والے وفد کے واپسی کے بعد ایم کیو ایم کی صوبائی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے صورتحال واضح ہوجائے گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے صوبائی حکومت میں شامل ہونے کیلئے بلدیاتی اور داخلہ وزارت کا مطالبہ کیا ہے تاہم پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے مذکورہ دونوں وزارتیں ایم کیو ایم کو نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔