قندھار میں جھڑپیں 37 افراد ہلاک،150 افغان فوجیوں کو مارنے کا دعویٰ

December 10, 2015 1:33 pm0 commentsViews: 25

لڑائی میں 35 افراد سے زائد زخمی، طالبان نے6 افراد کو یرغمال بنا لیا،8 حملہ آور ہلاک ہوئے
ایئر بیس پر موجود سینکڑوں فوجیوں میں کسی کی بھی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی، نیٹو مشن
قندھار ( ایجنسیاں) افغانستان کے صوبہ قندھار میں طالبان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹے سے لڑائی جاری ہے، لڑائی کے نتیجے میں اب تک 37 افراد ہلاک اور35 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ طالبان نے6 افراد کو یر غمال بھی بنا رکھا ہے افغان سیکورٹی فورسز نے کہا ہے کہ14 حملہ آوروں میں سے 8 ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مزید6 کو مارنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے اس حملے میں 15 0افغان فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ دریں اثناء نیٹو مشن کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایئر بیس پر موجود سینکڑوں بین الاقوامی فوجیوں میں سے کسی کی بھی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی شام افغان طالبان نے اچانک جنوبی شہر قندھار کے ہوائی اڈے پر حملہ کر دیا۔ طالبان جنگجوؤں کی حکومتی سیکورٹی فورسز کے ساتھ لڑائی کے نتیجے میں کم از کم19 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ افغان حکام کے مطابق طالبان نے کم از کم6 افراد کو یر غمال بھی بنا رکھا ہے ۔ آزاد ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں فی الحال یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔