ریلوے کے اسٹیشن ماسٹرز کی ہڑتال ملک بھر میں ٹرینیں روک دیں

December 10, 2015 1:36 pm0 commentsViews: 28

پے اسکیل کو اپ گریڈ کرنے کے لئے احتجاج ،ریلوے حکام کی جانب سے مذاکرات کے لئے طلب کرنے پر احتجاج مؤخر
ٹرینیں ہڑتال کے باعث نہیں بلکہ پنجاب میں دھند ہونے کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں ترجمان محکمہ ریلوے کراچی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے کے اسٹیشن ماسٹر نے اپنے پے اسکیل کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاجاً ٹرینیں روک دیں، ریلوے حکام نے احتجاج کی اطلاع پر فوری طور پر اسٹیشن ماسٹر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو مذاکرات کیلئے لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر طلب کرلیا جس کے بعد احتجاج موخر کر دیا گیا تاہم کراچی میں 2 ٹرینیں کچھ دیر کی تاخیر کا شکار ہوئیں، اسٹیشن ماسٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال پر پہلی ٹرین میاں چنوں میں روکی گئی، محکمہ ریلوے میں اسٹیشن ماسٹر ایسوسی ایشن ( سمپارس) کے عہدیداروں نے ملک بھر کے پے اسکیل کے اپ گریڈیشن کیلئے بدھ کو ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی کال دی تھی۔ ڈرگ روڈ کے اسٹیشن ماسٹر چوہدری اسلم نے کینٹ اسٹیشن پر واقع سی ٹی سی ٹاور پر چڑھ کر ایڈوانس سگنل کو گرین سے ریڈ کر دیا جس کے باعث کراچی ایکسپریس روانہ نہ ہو سکی اس دوران مظاہرین کو ان کے عہدیداروں کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ محکمہ مذاکرات کیلئے تیار ہوگیا اور جمعرات کو لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر بلایا ہے لہٰذا فوری طور پر احتجاج موخر کر دیا ہے جس پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی احتجاج ختم کرد یا گیا۔ ترجمان محکمہ ریلوے کراچی ڈویژنل کمرشیل آفیسر ناصر نذیر نے بتایا کہ ٹرینیں تاخیر کا شکار احتجاج کے باعث نہیں بلکہ پنجاب میں دھند کے باعث ہوئی ہیں۔