پانچ برس قید کی سزا کالعدم، سلمان خان کو باعزت بری کر دیا گیا

December 11, 2015 11:39 am0 commentsViews: 21

ممبئی ہائی کورٹ نے عدم ثبوت کے بناء پر فیصلہ سنایا، عدالت میں موجود لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
سلمان خان نے ستمبر2002 میں نشے کی حالت میں گاڑی سے فٹ پاتھ پر سوئے لوگوں کو کچل دیا تھا، پولیس کا الزام
ممبئی کی ایک عدالت نے غیر ارادی قتل کے جرم میں سلمان خان کو5 سال قید کی سزا سنائی تھی
ممبئی( اے پی پی) بالی وڈ اداکار سلمان خان کو ممبئی کی ہائی کورٹ نے ’’ہٹ اینڈ رن‘‘ کیس سے بری کردیا۔ عدالت نے انہیں اسی کیس میں غیر ارادی قتل کے جرم میں 5 برس قید کی سزا سنائی تھی۔ ممبئی ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کی سماعت کے دوران جس طرح کے ثبوت پیش کئے گئے ان کی بنیاد پر سلمان خان کو قصور وار ٹھہرایا جا سکتا، ان کو مجرم ثابت کرنے کیلئے ان کے خلاف ثبوت ناکافی ہیں۔ جج نے یہ بات آخری فیصلہ سنانے سے قبل اپنے ریمارکس میں کہی۔ سلمان خان کو حتمی فیصلہ سنانے کیلئے جمعرات کو عدالت میں طلب کیا تھا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان کے عدالت پہنچنے کے بعد جج اے آر جوشی نے انہیں بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔ اطلاعات کے مطابق سلمان خان کے اہل خانہ اور ان کے بعض قریبی دوست اور ساتھی بھی اس موقع پر عدالت پہنچے۔ اس سال 27 مارچ کو سلمان خان نے عدالت کے روبرو بیان قلمبند کرواتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حادثے کے وقت نہ تو گاڑی چلا رہے تھے اور نہ ہی وہ نشے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے وقت ان کا ڈرائیور گاڑی چلا رہا تھا اور وہ ٹکر کی وجہ سے گاڑی کا دروازہ جام ہونے پر ڈرائیونگ سیٹ سے باہر نکلے جس پر سمجھا گیا کہ گاڑی میں چلا رہا تھا۔ سلمان خان پر الزام تھا کہ انہوں نے28 ستمبر2002کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں امریکن ایکسپریس بیکری کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی اس واقعے میں ایک38 سالہ شخص نور اللہ خان جاں بحق اور چار زخمی ہوئے تھے۔

سلمان خان نے 11 سالہ پاکستانی بچے کی ملاقات کی خواہش پوری کر دی
جگر کے مرض میں مبتلا عبدالباسط نے سلمان خان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی، پسندیدہ فنکار سے مل کر بے حد خوش ہوا
ممبئی( مانیٹرنگ ڈیسک) معروف اداکار سلمان خان نے اپنے 11 سالہ پاکستانی مداح کی ملاقات کی خواہش پوری کر دی۔ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق11 سالہ عبدالباسط جگر کے ٹرانسپلانٹ کیلئے نئی دہلی گئے تھے۔ عبدالباسط پیدائش کے بعد شدید یرقان کی بیماری میں مبتلا ہوگیا تھا۔ عبدالباسط کو مسلسل 2 ماہ فوٹو تھراپی کے ذریعے برین ہیمبرج اور سماعت سے محروم ہونے سے تو بچا لیا گیا تاہم چند سالوں بعد اس کی صحت ایک بارپھر خراب رہنے لگی تاہم11 سالہ پاکستانی بچے کے جگر کا آپریشن کامیاب رہا۔ سلمان خان نے ان سے ملاقات کی اور اپنے ننھے مداح کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی۔