کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ کے 2 یونٹس کوئلے سے چلیں گے

December 11, 2015 12:05 pm0 commentsViews: 35

کراچی میں پہلی مرتبہ کوئلے پر سستی ترین بجلی پیدا ہوگی، نیپرا نے 2 0سال کیلئے ٹیرف کی منظوری دیدی
بن قاسم پاور پلانٹ کے429 میگا واٹ کے2 یونٹ کوئلے پر تبدیل کرنے پر27 ارب کی لاگت آئے گی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)نے پہلی مرتبہ کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ کے2یونٹس کوئلے پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔کراچی میں پہلی مرتبہ کوئلے پر سستی ترین بجلی پیدا ہوگی، اس لیے نیپرا نے20سال کے لیے ٹیرف کی بھی منظوری دے دی ہے۔دستاویز میں کوئلے پر بجلی کی پیداوار کے لیے نیپرا نے فی یونٹ ٹیرف 5 روپے 41 پیسے کی منظوری دی ہے نیپرا دستاویزات کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کے6یونٹس میں سے429میگا واٹ کے یونٹ نمبر3اور یونٹ نمبر4کو کوئلے پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بن قاسم کول پاور یونٹس کی کوئلے پر منتقلی پر 260ملین ڈالر (27ارب روپے)کی لاگت آئے گی۔بن قاسم پاور پلانٹ کے دونوں یونٹس کی فرنس آئل سے کوئلے پر منتقلی میں 2سال6ماہ سے زائد کا وقت لگے گا، جس کے بعد اس سے پیدا ہونے والی بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔بن قاسم کول پاور یونٹس کے لیے ٹیرف20سال کے لیے منظور کیا گیا ہے۔اس وقت بن قاسم کے فرنس آئل پر چلنے والے دونوں یونٹس سے بجلی11تا15روپے فی یونٹ پیدا ہوتی تھی۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کے درمیان نیپرا یہ معاملہ پہلے ہی طے کروا چکاہے کہ ڈھائی سال کے دوران جب کے الیکٹرک کے بن قاسم کے2یونٹس کوئلے پر منتقل ہو رہے ہوں گے تو نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی کا مطالبہ نہیں کیا جائے گا، اس وقت کے الیکٹرک کو این ٹی ڈی سی نیشنل گرڈ سے600میگا واٹ سے زائد بجلی فراہم کر رہی ہے۔