قومی احتساب بیورو کے اقدامات قابل تحسین ہیں، گورنر سندھ

December 11, 2015 12:05 pm0 commentsViews: 18

ہمارا وطن مزید بد عنوانی کا متحمل نہیں ہو سکتا، عوام قومی اداروں کا ساتھ دیں
کراچی(سٹی رپورٹر)گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی پالیسی بہت واضح ہے کہ کوئی بھی ایکشن کسی جماعت یا فرد کے خلاف ہرگز نہیں لیکن اگر کسی فرد کی سرگرمی دہشت گردی یا دہشت گردوں کے سہولت کارکے زمرے میں آتی ہو گی اس کے خلاف بلا تفریق و دباؤ ایکشن لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے منعقدہ سیمینار بعنوان ’’ صفر بدعنوانی ، 100 فیصد ترقی ‘‘ معاشرے میں بدعنوانی کے خلاف آگہی میں معاون ثابت ہو گا بدعنوانی کے خلاف قومی احتساب بیورو کے اقدامات قابل تحسین ہیں قومی ادارہ معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اپنی کاوشوں میں مصروف عمل ہے میں قومی احتساب بیورو کے اقدامات کو سراہتا ہوں اور میری تمام لوگوں سے بھی گذارش ہے کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قومی ادارے کا بھرپور ساتھ دیں کیونکہ ہمارا پیارا وطن اب مزید بدعنوانی کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔ وہ قومی احتساب بیورو کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر سابق چیف جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے چیئر مین ممتاز شاہ ، قومی احتساب بیورو سندھ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹنٹ کرنل (ر) سراج النعیم اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے نمائندوں سمیت دیگر بھی شریک تھے ۔