فراہمی و نکاسی آب کی شکایات کا ازالہ بل کی ادائیگی سے مشروط

December 11, 2015 12:10 pm0 commentsViews: 20

اہم شاہراہوں اور علاقوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی جاری رکھی جائے، ایم ڈی واٹر بورڈ
کراچی( سٹی رپورٹر)سیوریج سسٹم سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لئے واٹر بورڈ خصوصی اقدامات کر رہا ہے تاکہ شہرکے کسی بھی علاقہ میں اوور فلو نہ ہو،جبکہ موصولہ شکایات پر فوری اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ،شہریوں سے ملنے والی شکایات پر بھی کاروائی کی جارہی ہے ایم ڈی واٹر بورڈ خود بھی ان درخواستوں پر متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر رہے ہیں ،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصبا ح الدین فرید نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سر وسز ،تمام چیف انجینئرز، سپر نٹنڈنگ انجینئرز،ایگزیکٹو انجینئرز (سیوریج) کوسختی سے ہدایت کی ہے کہ اپنے علاقوں کا روزانہ دورہ کریں اور اسے اپنے معمولات کا حصہ بنائیں اور موصولہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں اور اس کی تحریری رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایم ڈی سیکریٹریٹ کو دی جائے خاص طور پر اوور فلو کی شکایات کا بھی بلا تاخیر ازالہ کیا جائے ، ایم ڈی واٹر بورڈ نے شہر یوں سے واٹر بورڈ کا پانی و سیوریج ٹیکس بل اد ا کر نے اور شکایات کے ساتھ ادا شدہ بل کی کاپی لگا نے کے لئے بھی کہاہے ،کیونکہ شکایات کا ازالہ بلوں کی ادائیگی سے مشروط کر دیا گیا ہے،کسی بھی علاقہ میں اوور فلو کی شکایات پر سخت کاروائی کی جائے گی،ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ اہم شاہراہوں اور اہم علاقوں میں تمام سیوریج لائنوں کی مشینری اور افرادی قوت (کنڈی مین) سے صفائی کاعمل جاری رکھاجائے کیو نکہ عام طور پر مو سم سر ما میں پانی کے کم دباؤ کی وجہ سے کچرا جمع ہوسکتا ہے۔