رینجرز کو اختیارات کے ساتھ کام کرنے دیا جائے، سنی تحریک

December 11, 2015 12:15 pm0 commentsViews: 23

سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات مشروط کرکے کرپشن زدہ عناصر کو بچانے کی ناکام کوشش کررہی ہے
کراچی( پ ر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافے کیلئے حکومتی حیلے بہانے افسوسناک ہیں ،کراچی کی عوام امن کو تباہ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے بڑی مشکلوں اور طویل مدت کے بعد کراچی کے حالات میں بہتری آئی ہے ،حکومت سندھ رینجرز کے اختیارات کو مشروط بناکر کرپشن زدہ عناصر کو بچانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ،ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنّت پر خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کراچی کو امن کا گہوارہ بنانا ہے تو ذاتیات کی قربانی دینا ہوگی۔ثروت اعجاز قادری نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافے کو الجھانے کی بجائے فوری طور پر سمری پر دستخط کرکے رینجرز کو اختیارات کے ساتھ کام کرنے دیں تاکہ امن وامان کے قیام کو یقینی اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف قانون کو حرکت میں لایا جاسکے۔