ملیر میں انتہائی مطلوب لینڈ گریبر گرفتار، مقدمہ درج

December 11, 2015 12:20 pm0 commentsViews: 25

اینٹی انکروچمنٹ فورس نے450 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرانے کیلئے آپریشن شروع کر دیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) بورڈ آف ریونیو کی اینٹی انکروچمنٹ فورس نے ملیر میں کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب لینڈ گریبر محمد طارق عرف طارق مسیح کیخلاف تھانہ اینٹی انکروچمنٹ میں ایف آئی آر درج کی اور انہیں بروقت گرفتار کرلیا گیا‘ مذکورہ لینڈ گریبر کیخلاف اب تک100 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضے کیخلاف تھانہ اینٹی انکروچمنٹ میں تین ایف آئی آر درج کی جاچکی ہیں۔ ملزم نے احسن سٹی‘ حسن ٹاؤن‘ الیاس گوٹھ کے ناموں سے ریونیو کی زمین پر غیر قانونی اسکیمیں بنائی ہوئی تھیں۔ فورس نے450 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروانے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا ہے‘ گزشتہ دو برسوں یعنی2014 اور 2015 میں ایس ایس پی اینٹی انکروچمنٹ فورس عارف عزیز کی سربراہی میں تقریباً پانچ ہزار ایکڑ سرکاری زمین‘200 دکانیں اور 116 فلیٹ کراچی‘ حیدر آباد‘ جامشورو‘ ٹھٹھہ اور سجاول ضلع میں واگزار کرائے ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق اس آپریشن کے دوران کراچی میں 3000 ایکڑ قیمتی سرکاری اراضی اور غیر قانونی قبضہ شدہ64سرکاری فلیٹ خالی کرائے گئے ۔