نارتھ کراچی میں مدرسہ کی چھت گرنے سے 12بچے زخمی،حادثات میں بچے سمیت 5افراد ہلاک

December 11, 2015 12:24 pm0 commentsViews: 32

شاہنواز بھٹو کالونی میں پہاڑی کے اوپر زیر تعمیر مدرسہ کی چھت گرنے سے بچے ملبے تک دب گئے علاقہ مکینوں نے نکال کر اسپتال پہنچایا
بلدیہ میں ٹینکر نے 9سالہ بچے کو کچل کردیا،انٹربورڈ آفس کے قریب معمر خاتون ہلاک ،لیاری میں لڑکی پانچویں منزل سے گر کر دم توڑ گئی
کراچی( کرائم رپورٹر) نارتھ کراچی کے علاقے شاہنواز بھٹو کالونی میں زیر تعمیر مدرسے کی چھت گرنے سے12بچے زخمی ہوگئے جبکہ وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے‘ شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں بچہ‘ خاتون اور لڑکی سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے‘ تفصیلات کے مطابق شاہنواز بھٹو کالونی میں پہاڑی کے اوپر زیر تعمیر مدرسہ فاروق اعظم کی جمعرات کے روز چھت کر گئی جس کے ملبے تلے مدرسے کے12بچے احمد‘ عمیر‘ منیزہ‘ شفا ‘ذیشان‘ محمد محسن‘ ماریہ‘ طاہرہ‘ فارول‘ مزمل‘ مریم‘ ساجد ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے‘ اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں ‘پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر بچوں کوملبے سے نکال کر قریبی اسپتال پہنچایا‘بلدیہ قائم خانی کالونی میں ٹینکر کی ٹکر سے5 سالہ ایان ولد سلیم موقع پر ہلاک ہوگیا‘ متوفی بچہ گھر کے پاس کھیل رہا تھا کہ علاقے میں پانی کی سپلائی دینے کیلئے آنیوالے تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آکر موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ شارع نور جہاں کے علاقے انٹر بورڈ آفس کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے75 سالہ نامعلوم خاتون دم توڑ گئی‘ لیاری بہار کالونی سی روڈ پر واقع بشیر بلڈنگ کی پانچویں منزل کی چھت پر18 سالہ وردا دختر سعید احمد دھلے ہوئے پکڑے رسی پر ڈال رہی تھی کہ اچانک چھت سے گر کر جاں بحق ہوگئی۔ گلبائی پر تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 18سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ50سالہ عبداللہ شدید زخمی ہوگیا۔ مدینہ کالونی رانا اسٹیڈیم کے قریب عیسائی قبرستان کے پاس سے30سالہ نشے کے عادی شخص کی لاش ملی‘ متوفی نشے کی زیادتی کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔

مدرسہ میں زخمی بچوں کا علاج جاری
کراچی (سٹی رپورٹر) اےڈمنسٹریٹر کراچی سجاد حسین عباسی نے کہا ہے کہ شاہ نواز بھٹو کالونی نارتھ ناظم آباد مدرسہ میں زخمی ہونے والے بچوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ان خیالات کااظہار انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں داخل زخمی بچوں سے ملاقات کے بعد مےڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اےڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال میں اب تک 14 زخمی بچوں کو لایا گیا تھا جن کو فوری طور پر علاج کی سہولت مہیا کی گئی۔