سندھ اسمبلی میں مخدوم امین فہیم کو خراج عقیدت کی قراردادمنظور

December 12, 2015 4:17 pm0 commentsViews: 34

مخدوم امین فہیم کی خدمات کو سراہتے ہیں،نثار کھوڑو، جام مدد علی و دیگر ارکان
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی نے ایک قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی، جس میں سینئر سیاست دان، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم امین فہیم مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ قرار داد میں ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور ان کے کردار کو مثالی قرار دیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان مخدوم امین فہیم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہے۔ انسانیت، سیاست، زبان، ثقافت، شاعری اور سماجی شعبے میں ان کی بے مثل خدمات کو سراہتا ہے یہ قرار داد سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو کی طرف سے پیش کی گئی تھی تمام پارلیمانی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 33 ارکان نے قرار داد پر تقریریں کیں۔ انہوں نے مخدوم امین فہیم کی پیپلز پارٹی کے ساتھ وفا داری، ان کی شرافت، شائستگی اور روا داری کو سراہا۔ قرار داد پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ماحولیات ساحلی ترقی اور امداد باہمی ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ مخدوم امین فہیم سیاست، شرافت، اور روحانیت کے مثالی کردار تھے۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن خیر النساء مغل نے کہا کہ مخدوم امین فہیم انتہائی نفیس انسان تھے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رکن جام مدد علی نے کہا کہ مخدوم صاحب شفیق اور درویش انسان تھے۔ ایم کیو ایم کے عبدالحسیب خان نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی۔ وہ صوفی ازم کے داعی تھے۔