پاکستان میں الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر نہیں، عمران خان،مودی سے ملاقات

December 12, 2015 4:20 pm0 commentsViews: 19

دوہمسائے دشمن بن کر نہیں رہ سکتے، پاکستان اور بھارت کے عوام کی ثقافت ایک جیسی ہے کرکٹ سیریز شروع ہونی چاہئے ،چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان کا بڑا دہشت گرد انگلینڈ میں بیٹھا ہے،2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کلین سوئپ کرے گی، ٹی وی پروگرام میں عمران خان کی گفتگو
نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی، جس میں پاک بھارت کرکٹ سیریز سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ نریندر مودی سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کا کہا تو انہوں نے لمبی مسکراہٹ دی جسے مثبت سمجھتا ہوں۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی درخواست پر ان سے ملاقات کی جس میں وائس چیئر مین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ ترجمان کے مطابق ملاقات میںپاک بھارت کرکٹ سیریز سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک بھارت تعلقات میں مزید بہتری کے لئے بھی پر امید ہیں جب کہ عمران خان نے مودی کو پاک بھارت کرکٹ سیریز شروع کرنے کی تجویز دی اور انہیں دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔ دوسری جانب ان کا کہنا تھا کہ میں ڈپلومیٹ سیاستدان نہیں جس کا اعتراف بھارتی وزیر اعظم بھی کریں گے۔ کرکٹ کے بعد سیاست کے میدان میں جدوجہد کر رہا ہوں کیونکہ کرکٹ نے مجھے جدوجہد کرنا سکھایا تاہم کوئی مجھے کہے کہ سیاست کو اپنا کیریئر بنا لو تو خود کو گولی مار لوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کی ثقافت ایک جیسی ہے۔ دو ہمسائے دشمن بن کر نہیں رہ سکتے اور پوری زندگی دشمنی نہیں ہو سکتی جب کہ ممبئی حملوں پر تمام پاکستانی رنجیدہ تھے۔ چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا مستقبل روشن ہے۔ ملک میں فوج آنے کا کوئی خطرہ نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا اورعدلیہ آزاد ہیں لیکن الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر نہیں اگر انتخابی عمل ٹھیک ہوجائے تو تحریک انصاف اقتدار میں آجائے گی۔ واضح رہے کہ چیئر مین تحریک انصاف 2 روزہ دورے پر بھارت میں موجود ہیں جہاں وہ پاک بھارت تعلقات سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ عمران خان نے ٹی وی پروگرام میں کہا کہ امید کرتا ہوں کہ 2018ء میں تحریک انصاف الیکشن میں کلین سوئپ کرے گی اور میں وزیر اعظم بنوں گا۔ چیئر مین تحریک انصاف نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں نام لئے بغیر متحدہ کے سربراہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا بہت بڑا دہشت گرد انگلینڈ میں بیٹھا ہے اس دہشت گرد کی وجہ سے پاکستان میں بہت سے لوگ مارے گئے۔ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان دوریاں ختم ہو سکتی ہیں۔