دبئی میں بیٹھا شخص ملکی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے،نصرت عباسی

December 12, 2015 4:22 pm0 commentsViews: 30

جس طرح اس نے ماڈل ایان علی کو بچا یا ہے اسی طرح ڈاکٹر عاصم کو بچانے کی کوشش کررہا ہے
رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کرکے سندھ حکومت اپنی کرپشن کو جاری رکھنا چاہتی ہے
سندھ حکومت نے توسیع نہ کی تو وفاق آرٹیکل 147 استعمال کرسکتا ہے، تحریک انصاف کے رہنما کا خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں جمعہ کے روز رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے قرار داد پیش نہ ہونے پر اپوزیشن لیڈر کے ارکان اسمبلی نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ دبئی میں بیٹھا ہوا ایک شخص ملکی قوانین کا مذاق اڑا رہا ہے جس طرح اس نے ماڈل ایان علی کو بچایا اسی طرح وہ ڈاکٹر عاصم کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے سندھ حکومت ٹال مٹول کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پیپلز پارٹی اپنی کرپشن کو جاری رکھنا چاہتی ہے۔ اسی لئے وہ رینجرز کے اختیارات پر قدغن لگانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے پاکستان مسلم لیگ کے رکن جام مدد علی نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت کی نیت ٹھیک نہیں ہے اس لئے وہ اس مسئلہ کو طول دے رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن سید حفیظ الدین نے کہا کہ اگر سندھ حکومت نے آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ نہیں کیا تو پھر وفاقی حکومت آرٹیکل 245 کا استعمال کر سکتی ہے اور ہماری بھی کوشش ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ بااختیار ہوں لیکن اس بار پھر محسوس ہو رہا ہے کہ سندھ حکومت اپنے اقدامات کے ذریعہ خود ہی چل چلائو کے اسباب پیدا کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق قرار داد پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش ہو سکتی ہے۔