امراض قلب کے اسپتال میں دل لگی، مردہ مریض زندہ ہو گیا

December 12, 2015 4:40 pm0 commentsViews: 45

26 سالہ نوجوان کو مہندی کی تقریب میں دل کا دورہ پڑا تو اسے مردہ سمجھ لیا گیا
اسپتال میں کامیاب آپریشن کے بعد وارڈ کو سجا کر دولہا و دلہن کا نکاح پڑھا دیا گیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں دل کے اسپتال میں دل کی لگی نے دل کی بیماری کو شکست دیدی‘ امراض قلب کے اسپتال میں تاریخ کا منفرد انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں دل کے امراض میں مبتلا نوجوان نے اہل خانہ کی موجودگی میں نکاح کرکے اپنی نئی زندگی کے سفر کا آغاز کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد کے رہائشی26 سالہ ماجد اسلم کو دل کا دورہ پڑا جس پر اس کو مردہ قرار دیا گیا‘ تاہم گھر والوں نے اسے فوری طور پر کارڈیو اسپتال منتقل کیا جہاں اس کے طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریض کے دل کا ایک وال بند ہے‘ لہٰذا فوری طور پر آپریشن کا انتظام کیا گیا جس کے بعد مریض کی انجیو پلاسٹی کردی گئی‘ آپریشن کے بعد مریض کے اہل خانہ نے اسپتال میں ہی ماجد کے نکاح کی تقریب منعقد کرنے کی تیاری شروع کردی اور اس سلسلے میں وارڈ کو خوبصورتی سے سجایا گیا‘ جمعہ کی شام ماجد کے نکاح کی تقریب اسپتال کے وارڈ میں منعقد ہوئی جس میں دیگر وارڈ کے مریض بھی شریک ہوئے‘ اسپتال کے وارڈ میںنکاح خواں نے دلہا دلہن کا نکاح پڑھایا ماجد کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے تاہم ڈاکٹرز نے اسے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔