رینجرز اختیارات کے نام پر سیاست چمکانا ٹھیک نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

December 14, 2015 12:02 pm0 commentsViews: 22

آئین کے تحت اختیارات کی توثیق اسمبلی سے کرانا ضروری ہے ،آج قرارداد پیش کی جائے گی
وزیراعلیٰ ہائوس میں گزشتہ شب ہونے والے اجلاس میں رینجرز کے اختیارات اور آئندہ کی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع سے متعلق قرار داد آج سندھ اسمبلی میں پیش ہوگی 5 دسمبر 2015ء کی رات رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ہوگئی تھی جس میں تاحال توسیع نہیں کی جا سکی اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت رینجرز کے خصوصی اختیارات کی توثیق سندھ اسمبلی سے کرانا ضروری ہے حکومت سندھ رینجرز حکام سے رابطے میں ہے جلد اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ رینجرز اختیارات کے نام پر سیاست چمکانا ٹھیک نہیں ہے۔ جو لوگ ایسا کر رہے ہیں انہیں مایوسی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم سمیت کسی کے ساتھ بھی نا انصافی نہیں ہونی چاہئے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم صوبائی وزراء کا مشاورتی اجلاس اتوار کی شب وزیر اعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزراء نثار احمد کھوڑو، سید مراد علی شاہ اور سکندر میندھرواور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں رینجرز کے اختیارات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں آج پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی جانے والی رینجرز کے اختیارات سے متعلق قرار داد کے منصوبے پر غور و خوض کیا گیا ہے اور آئندہ کی حکمت عملی وضع کی گئی۔