ہمارے خلاف آپریشن کی پیپلزپارٹی نے حمایت کی تھی، متحدہ

December 14, 2015 12:02 pm0 commentsViews: 29

آج جب اس کے اپنے لگائے ہوئے بیوروکریٹس پکڑے جارہے ہیں تو احتجاج کیوں کیا جا رہا ہے
وزیراعلیٰ سندھ اور وزراء کے بیانات ریکارڈ پر ہیں جنہوں نے رینجرز آپریشن کو درست قرار دیا تھا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) لندن سے جاری ایم کیو ایم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی میں اب تک تو رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف کئے گئے آپریشن، نائن زیرو پر چھاپوں اور اس کے رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھر پور انداز میں حمایت اور ان کے اقدامات پر رینجرز کی تعریفیں کر تی رہی ہے لیکن آج جب اس کے لگائے ہوئے چند بیوروکریٹس پکڑے گئے تو آج پیپلز پارٹی اس پر کیوں احتجاج کر رہی ہے بیان میں کہا گیا تھا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ 2013ء سے کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے اور اس کے رہنمائوں، کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا، انہیں لا پتہ کیا گیا۔ ان واقعات پر سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی کے وزراء اور دیگر رہنمائوں کے بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں رینجرز کارروائیاں بالکل درست ہیں آپریشن تو کرمنلز کے خلاف ہو رہا ہے ایم کیو ایم کا احتجاج غلط ہے۔ جب نائن زیرو پر چھاپے مارے گئے اور وہاں سے ایم کیو ایم کے رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتاریاں کی گئیں تو حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے اس کو درست اور جائز قرار دیا۔