کراچی، کوئٹہ سے چلنے والی یخ بستہ ہوائوں کی لپیٹ میں آگیا

December 14, 2015 12:18 pm0 commentsViews: 31

شہر کا موسم سرد خشکی اورخنکی بڑھ گئی، درجہ حرارت کم ہو کر9 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا
موسم سرد ہونے کے باعث تفریح گاہیں اور ساحل ویران ہو گیا، سرد ی کی لہر تین روز جاری رہے گی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ سے چلنے والی خشک اور یخ بستہ ہوائوں نے کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے کراچی میں موسم سرد ہوگیا ہے اور خشکی اور خنکی میں اضافہ ہوگیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت بھی کم ہو کر 9 سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔ اتوار کو موسم سرد ہونے کے باعث تفریح گاہیں، ساحل اور پارکس ویران رہے جبکہ سڑکوں پر معمول سے کم ٹریفک رہا۔ چائے، کافی، اور یخنی کا استعمال بڑھ گیا اور لنڈا بازار میں گرم کپڑوں اور سوئٹرز کی دکانوں پر لوگوں کا رش بڑھ گیا۔ سردی کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ بڑھ گئی اور قیمتوں میں اضافہ ہوگیا رات گئے اکثر مقامات پر شہری الائو جلا کر ہاتھ تاپتے ہوئے دکھائی دیئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر آئندہ دو تین روز تک جاری رہے گی۔