طاہر القادر ی اور عمران خان میں احتجاجی تحریک چلانے کیلئے رابطہ

December 14, 2015 12:19 pm0 commentsViews: 21

عوامی تحریک کے سربراہ22 دسمبر کو پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں ، عمران سے ملاقات میں سیاسی حکمت عملی طے کرینگے
عمران خان کے علاوہ طاہر القادری ،چوہدری شجاعت، شیخ رشید اور حامد رضا سے بھی ملاقاتیں کرینگے
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے درمیان نئی احتجاجی تحریک کیلئے رابطہ ہوا ہے اور بیرون ملک واپسی پر عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان ملاقات ہونے کا امکان ہے۔ جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا، عوامی تحریک کے قریبی ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ ڈاکٹر طاہر القادری 22دسمبر کو ملک واپس پہنچیں گے اس دوران ان کی واپسی سے قبل ہی عوامی تحریک کی مرکزی مجلس عاملہ نے عمران خان سمیت دیگر رہنمائوں سے ڈاکٹر طاہر القادری کی ملاقات کے بارے میں پیشگی معاملات طے کر لئے ہیں اور عمران خان، چوہدری شجاعت حسین، پرویز الٰہی، شیخ رشید احمد، حامد رضا سمیت کئی اہم رہنمائوں سے ملاقات ہوگی۔ جس میں ملک میں جاری سیاسی بحران اور دیگر معامالات پر تبادلہ خیال ہوگا، مسلم لیگ ق ، تحریک انصاف، عوامی تحریک سمیت دیگر جماعتیں مسلم لیگ (ن) حکومت میں ہونے والی بد عنوانیوں کا پردہ چاک کریں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے چیلنج کیا ہے کہ ان کی حکومت میں کسی بھی قسم کی اگر کوئی بد عنوانی ہوئی تو اس کو سامنے لایا جائے۔