افتخار چوہدری کی نئی سیاسی جماعت میں اہم شخصیات کی عدم دلچسپی

December 14, 2015 12:21 pm0 commentsViews: 19

سینکڑوں دعوت نامے ارسال کیے گئے تھے جن میں سے بیشتر واپس آچکے ہیں، تاحال کسی نے حامی نہیں بھری ہے
اسلام آباد( آن لائن) سابق چیف جسٹس افتخار احمد چوہدری کی جانب سے نئی سیاسی جماعت کے قیام میں تقریباً10 روز باقی رہ گئے۔ سینکڑوں دعوت نامہ ارسال کئے گئے تھے جن میں بیشتر واپس آچکے ہیں۔ چند ایک سینئر قانون دان کے سوا باقی کسی نے بھی اس دعوت پر شرکت کیلئے تاحال حامی نہیں بھری ہے۔ جس کی وجہ سے افتخار محمد چوہدری پریشانی کا شکار ہیں۔ پنجاب سے76 ، سندھ سے 90، بلوچستان سے128 اور کے پی کے59 دعوت ناموں کا جواب ’’نہ‘‘ میں آیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کیلئے منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کے بارے میں ملک میں وکلاء، سیاستدانوں ، بیورو کریٹس اور تاجروں کو دعوت نامے ارسال کئے تھے جن میں عدلیہ بحالی تحریک میں نمایاں کردار ادا کرنے والے زیادہ وکلاء رہنمائوں نے ان کی پارٹی میں شمولیت کے بارے میں دعوت مسترد کر دی ہے اور اسی طرح سے سیاستدانوں، بیورو کریٹس، تاجر برادری کی بڑی تعداد نے ان کی دعوت پر نہ کر دی ہے جس سے افتخار چوہدری پریشانی کا شکار ہیں۔ قریبی دوست احباب سے مشاورت جاری ہے کہ اس مسئلے سے کس طرح نکلا جائے تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ ان کی سیاسی جماعت میں نوجوان وکلاء کی بڑی تعداد ضرور شامل ہوگی۔