سرجانی ٹائون،سرچ آپریشن میں غیر ملکیوں سمیت 25ملزمان گرفتار – دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

December 14, 2015 12:28 pm0 commentsViews: 28

اورنگی ٹائون پولیس کی کارروائی، اسلحہ اورمنشیات برآمد، گرفتار افراد مزید تفتیش کے لئے خفیہ مقام پر منتقل
نارتھ ناظم آباد میں دو ڈاکوئوں کو مکینوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان پولیس کے حوالے ،ایک ساتھی فرار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون ڈویژن پولیس کی بھاری نفری نے سرجانی ٹائون میں سرچ آپریشن کے دوران 25سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ اور منشیات برآمد کرنے کادعویٰ کیا ،حراست میں لئے جانے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایس پی اورنگی ٹائون علی آصف کی سربراہی میں سرجانی ٹائون کے علاقے گھورام گوٹھ اسکے متصل علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی ،سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے 12غیر ملکی سمیت25مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،ایس پی علی آصف کے مطابق 16دسمبر کی سیکورٹی کے حوالے سے آپریشن کیا گیا تھا ،آپریشن میں حراست میں لئے جانے والے چند افرد کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی ،پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن خفیہ اطلاع کیا گیا ۔تیموریہ کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک (این)میں پیزاڈیلیوری رائیڈرسے لوٹ مار کرنے والے دوڈاکوں کو علاقہ مکینوں نے گھیرے میں لے لیا اس دوران ڈاکوں نے فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی اس دوران لوگوں نے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو پکڑلیا جبکہ دوسرا فرارہونے میں کامیاب ہوگیا ،مشتعل لوگوں نے ڈاکوکو بہمیانہ تشدد کانشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ہے،ایس ایچ او عرفان کوبرا کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے جسے پولیس نے فوری طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا ہے،جبکہ ملزم سے قبضے سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا ،مشتعل افراد کا کہنا ہے کہ اسلحہ اسکے فرار ساتھی کے پاس تھا جو فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا ۔

اب نامعلوم پولیس؟لانڈھی میں نوجوان گھر سے گرفتار
پولیس نوجوان کو تشدد کرکے لے گئی، ہمیں کچھ نہیں بتایا، اہل خانہ اور مکینوں کا احتجاج
کراچی(کرائم رپورٹر)لانڈھی میں نامعلوم پولیس اہلکاروںنے نوجوان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،مشتعل اہلخانہ پرامن طور پر احتجاج کیا اور درخواست جمع کروادی ۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی کے علاقے خرم آبادمیں نامعلوم پولیس اہلکاروں نے رفیق الرحمان کے گھر چھاپہ مارکر انکے بیٹے ارسلان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،مشتعل اہلخانہ اور مکینوں نے ایس پی لانڈھی اور لانڈھی تھانے کے باہر پرامن طور پر احتجاج کیا ،مشتعل افراد کا کہنا ہے کہ گھر پر چھاپہ مارنے والی پولیس نے کچھ نہیں بتایاارسلان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لے گئے ،اس اطلاع پر ایس پی لانڈھی افنان امین اورایس ایچ او احمد بٹ موقع پر پہنچ گئے ،ایس ایچ او نے بتایا کہ ارسلان کے والدین نے ہمیں ویگو جیپ کا نمبرsp4087دیا کہ اس میں پولیس اہلکار تھے جنھوں نے ارسلان کو گرفتار کیا ہے ،ایس پی افنان امین نے مشتعل اہلخانہ کو یقین دلوایا کہ کنٹرول پر میسج چلوادیا گیا ہے، ارسلان پولیس کے پاس ہوگا تو معلوم ہوجائے گا ،ایس ایچ او احمد بٹ کے مطابق مذکورہ سرکاری نمبر کابھی معلوم کیا جارہا ہے یہ کس کے استعمال میں ہے۔