دہشت گردی کیخلاف کامیابیوں پر ثابت قدم رہیں گے،جنرل راحیل شریف

December 16, 2015 9:38 pm0 commentsViews: 28

جی ایچ کیو میں آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس، سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو خراج تحسین
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) عسکری قیادت نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک سر زمین سے دہشت گردی کی لعنت کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیا جائے گا۔ سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں اور قربانیوں پر ثابت قدم رہیں گے اور وطن کیلئے قربانیاں دینے والوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق منگل کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردی کے خلاف دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا، کانفرنس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل اسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانفرنس کو ملک کی اندرونی و بیرونی قومی سلامتی سے متعلق سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ شرکاء نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میپں دہشت گردی کے خلاف ملنے والی کامیابیوں اور قربانیوں پر ثابت قدم رہیں گے۔ وطن کیلئے قربانیاں دینے والوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ آرمی چیف نے کہا کہ مقاصد کے حصول اور ملک کو مستحکم بنانے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری رہے ۔