رینجرز کے اختیارات میں مشروط توسیع کا فارمولہ طے پاگیا،قرارداد آج پیش کئے جانے کا امکان

December 16, 2015 9:55 pm0 commentsViews: 15

مالیاتی دہشت گردی کے خلاف رینجرز جزوی کارروائی جاری رکھ سکے گی، مگر بڑی شخصیات کے خلاف اقدام کے لئے وزیراعلیٰ سے اجازت لے گی
قائم علی شاہ آج وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کوصوبائی حکومت کے فیصلے سے متعلق اعتماد میں لیں گے
کراچی( نیوز ڈیسک) سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان سرد جنگ کچھ لو اور کچھ دو کے سیاسی فلسفے کی بنیاد پر ( آج) بدھ کو ختم ہوجائے گی۔ سندھ حکومت اور وفاق میں رینجرز کے اختیارات میں مشروط توسیع کے لئے فارمولا طے پایا گیا۔ تاہم رینجرز فنانشل ٹیررازم کے خلاف جزوی کارروائی جاری رکھ سکے گی تاہم بٖڑی سیاسی شخصیات اور جماعتوں کے خلاف ایکشن وزیر اعلیٰ سندھ کی پیشگی اجازت سے مشروط ہوگا سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں چھ ماہ کی توسیع کیلئے قرار داد آج سندھ اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے قرار داد اتفاق رائے سے منظوری کیلئے حکومت اورحزب مخالف جماعتوں کے درمیان بھی معاملات طے پا گئے، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ بھی (آج ) وفاقی دار الحکومت میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں صوبائی حکومت کے فیصلے کے حوالے سے انہیں اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے سندھ حکومت کی طرف سے پیش کئے گئے فارمولے سے وفاقی حکومت نے اتفاق رائے کرتے ہوئے اس معاملے کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے تا کہ سندھ میں گورنر راج سے لے کر دیگر آپشن کے حوالے سے ہونے والی پیش گوئیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ سندھ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد (آج) بدھ کی شام اسمبلی میں باقاعدہ قرار داد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔