کراچی کے میئر وسیم اختر، ڈپٹی میئر ارشد وہرہ ہوں گے، ایم کیو ایم کا اعلان

December 16, 2015 9:59 pm0 commentsViews: 28

لندن اور کراچی رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ، رائے شماری میں کسی کا نام 100فیصد نہیں آیا، ندیم نصرت
اجلاس میں فاروق ستار اور نسرین جلیل کو ایم کیو ایم کا ڈپٹی کنوینر مقرر کیا گیا،وسیم اختر5مقدمات میں بھی نامزد ہیں
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے شہر کے میئر کے لئے وسیم اختر اور ڈپٹی میئر کیلئے ارشد وہرہ کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ وسیم اختر کراچی میں5مقدمات میں بھی نامزد ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کراچی اور لندن رابطہ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما ندیم نصرت نے وسیم اختر کو کراچی کا میئر اور ارشدہ وہرہ کو ڈپٹی میئر نامزد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی میئر شپ کا فیصلہ رائے شماری سے کیا گیا جب کہ رائے شماری میں100 فیصد کسی کا نام بھی نہیں آیا لہٰذا وسیم اختر کراچی کے میئر اور ارشد وہرہ ڈپٹی میئر ہوں گے۔ دوسری جانب اجلاس کے دوران فاروق ستار اور نسرین جلیل کو ایم کیو ایم کا ڈپٹی کنوینر مقرر کر دیا گیاہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت5 مقدمات درج ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما کے خلاف تھانہ ملیر کینٹ، سہراب گوٹھ اور سائٹ سپر ہائی وے میں 5 مقدمات درج ہیں۔ وسیم اختر کے خلاف الطاف حسین کے خطاب میں سہولت کار جب کہ مختلف ٹی وی ٹاک شوز میںحساس اداروں پر الزامات عائد کرنے کے بعد مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ وسیم اختر پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے۔ وسیم اختر پر رینجرز کی جانب سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا سندھ ہائی کورٹ میں دعویٰ بھی دائر کیا گیا ہے۔ وسیم اختر نے اپنے خلاف درج کسی مقدمے میں عدالت سے ضمانت حاصل نہیں کی ہے۔