زیادتی کے مجرم کو 10 سال اور بھتہ خور کو 5 سال قید کی سزا

December 16, 2015 9:59 pm0 commentsViews: 37

مجرم جعفر نے گھر کی کچن میں رشتہ دار لڑکی کی عصمت دری کی تھی‘ شریک ملزمہ شک کے فائدے پر بری
سیاسی جماعت کا کارکن ظاہر کرنے والے اسلام نے بہادر آباد کے رہائشی سے ایک کروڑ بھتہ طلب کیا تھا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نمبر4 نے 14 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے مجرم کو10 سال قید 25 ہزار روپے جرمانے اور عدم ادائیگی جرمانہ پر 3 ماہ قید کا حکم سنا دیا۔ منگل کو متاثر 14 سالہ بچی( م) کی جانب سے جاوید ایڈووکیٹ پیش ہوئے جنہوں نے تمام تر ثبوت عدالت میں پیش کئے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم جعفر کو سزا جبکہ شریک جرم ریحانہ جو ملزم کی بہن ہے کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ گلستان جوہر میں مقدمہ نمبر14/209 درج ہوا تھا۔ ملزم پر الزام تھا کہ اس نے وقوعہ والے روز اپنی بہن ریحانہ کی مدد سے گھر میں آنے والی رشتہ دار 14 سالہ م کو کچن میں رات کی تاریکی میں اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور موقع سے ملزمہ فرار ہوگئی تھی بعد ازاں اعانت جرم میں ملزم کی بہن کو بھی پکڑا گیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد دو مرتبہ درخواست لگا چکا تھا جو عدالت سے مسترد ہوگئی تھی۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھتہ خور اسلام کو جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید اور20 ہزار روپے جرمانے ادا کرنے اور عدم ادائیگی پر مزید6 ماہ قید بھی حکم سنادیا۔ ملزم نے بہادر آباد کے رہائشی اقبال احمد باری سے ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کیا اور خود کو سیاسی جماعت کا کارکن ظاہر کیا تھا۔