قومی ایئر لائن کے ملازمین کا احتجاج‘ دفاتر کی تالا بندی پروازوں میں تاخیر

December 16, 2015 10:14 pm0 commentsViews: 16

کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین نے ہیڈ آفس کے مرکزی دفاتر بند کردیئے‘ ادارے کے ڈائریکٹرز بھی اجلاس میں شرکت کے بغیر واپس چلے گئے
بڑے مگرمچھوںنے پی آئی اے کا بیڑہ غرق کیا مگر ان پر ہاتھ ڈالنے کیلئے کوئی تیار نہیں‘ ملازمین کا موقف
کراچی، لاہور ( اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں) کراچی سمیت ملک کے تمام ایئر پورٹس پر پی آئی اے ملازمین اور افسروں نے پی آئی اے نجکاری سے متعلق صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج کیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئر پورٹس کے مختلف کائونٹر جبکہ کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس کے مرکزی دروازے بند کر دئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین نے منگل کو پی آئی اے ہیڈ آفس کے مرکزی دروازے بند کر دئیے جس کے باعث پی آئی اے کے ڈائریکٹرز اجلاس میں شرکت کئے بغیر واپس لوٹ گئے جبکہ احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے ہیڈ آفس سمیت دیگر شعبوں میں کام 3 گھنٹے سے زائد بند رہا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پی آئی اے نے جمعرات تک 3 گھنٹے کے لئے احتجاجاً دفاتر بند رکھنے اور جمعے کو دوپہر 12 بجے احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے باہر پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ قومی ادارے کو کسی بھی صورت نجکاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔ مظاہرین نے کہا کہ پی آئی اے کا بیڑا غرق کرنے میں بڑے بڑے مگر مچھوں کا ہاتھ ہے جن پر کوئی ہاتھ ڈالنے کی جرأت نہیں کرتا۔ قومی ادارے کی نجکاری سے صرف ملازمین اور چھوٹے افسران متاثر ہوں گے۔ کوئٹہ میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز کی آفیسر ایسوسی ایشن اور پی آئی اے ایمپلائز ایئر لیگ سمیت دیگر تنظیموں کے زیر اہتمام پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف تمام کائونٹرز کو بند کرکے احتجاج کیا گیا۔ دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور پی آئی اے کے ایجرٹن روڈ پر واقع دفاتر میں ملازمین نے دفاتر کو تالے لگا کر مظاہرے کئے۔ دوسری جانب پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔ منگل کو پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے باعث پی آئی اے کی کراچی سے لاہور کی پرواز302 جبکہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 301کئی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔