پاکستان میں بارود اور دھماکوں کے تماشے نہیں ہوں دینگے،نواز شریف

December 17, 2015 3:31 pm0 commentsViews: 28

سانحہ آرمی اسکول نے قوم کوہلا کر رکھ دیا،شہید بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، تقریب سے خطاب
وزیراعظم نواز شریف کا 16دسمبر کا دن سرکاری طور پر منانے اور آرمی اسکول کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی یاد میں 16 دسمبر کے دن کو سرکاری سطح پر قومی عزم تعلیم کے طور پر منانے اور آرمی پبلک اسکول کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا تھا، بچوں کے لہو نے پوری قوم کو متحد کیا۔ علم کی شمعیں بجھانے والے تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ معصوم بچوں کو خون میں نہلانے والوں سے شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ شہداء کے خون نے پاکستان کی راہ کا تعین کر دیا ہے۔ اس سانحہ نے پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحد کیا ہے۔ اب پاکستان میں بارود اور دھماکوں کے تماشے نہیں ہونگے، وہ دن دور نہیں جب دہشت گردوں کا ناسور ملک سے ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز آرمی پبلک اسکول پشاور میں شہداء آرمی پبلک اسکول کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014کو آرمی پبلک اسکول میں قرآن پاک کی تلاوت اور بچوں کے ترانے سننے والی دیواریں دھماکوں سے لرز اٹھیں اور بہت سے معصوم بچے ہم سے ہمیشہ کیلئے بچھڑ گئے۔ اس سانحہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا اور پوری قوم کے دل نے اس درد کو محسوس کیا، انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کے المیے نے ہمارے دلوں کو چھلنی ضرور کیا لیکن ہمیں آپس میں اتفاق و اتحاد کی لڑی میں پرو دیا۔ بچوں کے خون کی ایک ایک بوند کا حساب لیا جائیگا۔

وزیر اعظم ،آرمی چیف کے
ساتھ سرگوشی کرتے رہے
پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ پشاور کی پہلی برسی پر منعقد کی گئی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف ایک ساتھ بیٹھے تھے اس دوران وزیر اعظم نے آری چیف کے کان میں سرگوشی کی اور ان سے کوکچھ پوچھتے رہے اور آرمی چیف وزیر اعظم کے سوالوں کے جواب دیتے رہے۔