سندھ حکومت سے کوئی جھگڑا نہیں، کراچی میں رینجرز کی تعیناتی کی ضرورت ہے، چوہدری نثار

December 17, 2015 3:33 pm0 commentsViews: 20

رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کراچی کے شہریوں اور تاجروں کے مطالبے پر کیا گیا ،پیپلز پارٹی کے تحفظات درست نہیں ہیں
کراچی کا امن پورے ملک کے امن کے ساتھ منسلک ہے وفاقی وزیر داخلہ کی گورنر ہائوس پشاور میں میڈیا سے بات چیت
پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز کی تعیناتی امن کیلئے ضروری ہے۔ رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ کراچی کے شہری اور تاجر بھی کر رہے ہیں۔ کراچی کا امن پورے ملک کے امن کے ساتھ منسلک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس پشاور میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی تعیناتی سندھ حکومت کی سفارشات پر ہوئی تھی اور کراچی میں امن کے قیام تک رینجرز کا قیام ضروری ہے۔ رینجرز کے قیام سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ میں امن آیا ہے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔ تاجر اور عام شہریوں کو تحفظ مل چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رینجرز کی تعیناتی کی گئی تھی۔ رینجرز کی تعیناتی کی مدت میں اضافہ وقت کی ضرورت تھی۔ سندھ حکومت کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی تعیناتی پر پیپلز پارٹی کے تحفظات درست نہیں ہیں۔ رینجرز نے کراچی میں امن کے لئے جو کردار ادا کیا ہے اس سے نہ صرف کراچی بلکہ بیرون ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں نے بھی اسے سراہا ہے۔